کابل (این این آئی) افغان طالبان کے اہم رہنما خلیل الرحمٰن حقانی نے کہا ہے کہ اب افغانستان میں کوئی خونریزی نہیں ہوگی۔ ہمارا مقصد افغانستان کے لوگوں کو پْرامن ماحول فراہم کرنا ہے۔ پاکستانی سرکاری میڈیا کو انٹرویو میں کہا افغانستان اسلامی امارات تمام سیاسی گروہوں اور مقامی برادریوں کی نمائندہ حکومت ہو گی۔ ایک جامع حکومت کی تشکیل کے لیے مختلف رہنماؤں اور افغان کمیونٹیز کے نمائندوں کے ساتھ مذاکرات جاری ہیں جو طالبان اور افغانستان اسلامی امارات کے ساتھ اپنی وفاداری کا اظہار کر رہے ہیں۔ حامد کرزئی اور عبداللہ عبداللہ سے ملاقات کی اور انہیں یقین دہائی کرائی ان کے خلاف کوئی انتقامی کارروائی نہیں کی جائے گی۔ افغان صدر اشرف غنی، ان کے مشیران اور افغان مسلح افواج کے سربراہان کے لیے عام معافی کا اعلان کرتے ہوئے انہوں نے کہ وہ اپنی طرف سے سب کو معاف کرتے ہیں اور اب ہر شخص کو اپنا فرض اور ذمہ داری ادا کرنی چاہیے۔ خلیل الرحمن حقانی نے افغان شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ ملک سے نہ جائیں اور جو لوگ پہلے ہی جا چکے ہیں وہ واپس آئیں اور ملک کی ترقی میں کردار ادا کریں۔ بیرون ملک سے افغانوں پر جنگ مسلط کی گئی ہے۔ ہم اپنے امن کے ایجنڈے پر عملدرآمد کریں گے۔ عالمی برداری سے مطالبہ کیا کہ وہ لوگوں میں خوف نہ پھیلائے۔
مزید خونریزی نہیں ہوگی‘ انخلا کرنیوالے افغان وطن لوٹیں: خلیل حقانی
Aug 25, 2021