کرونا: 91 اموات، 30 ستمبر کے بعد بغیر ویکسین ہوٹلز، مالز شادی تقریبات میں داخلہ بند

اسلام آباد (نامہ نگار+ نوائے وقت رپورٹ+ آئی این پی ) پاکستان میں عالمی وبا کرونا سے مزید 91 افراد انتقال کرگئے اور 4ہزار سے زائد نئے کیسز بھی رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں مثبت کیسز کی شرح 6.79رہی۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر (این سی او سی) کے جاری کردہ اعدادو شمار کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کرونا کے 59ہزار 943 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 4075 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی جب کہ وائرس سے 91 افراد انتقال کر گئے۔ گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران کرونا کے مثبت کیسز کی شرح 6.79فیصد رہی۔ کرونا سے  ہلاکتوں کی اب تک کی مجموعی تعداد 25ہزار 94 ہوگئی جبکہ مجموعی کیسز 11لاکھ 31ہزار 659 تک جاپہنچے ہیں۔ 24گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 2857 مریض کرونا سے صحتیاب  ہوئے ہیں۔ جس کے بعد مجموعی طور پر صحتیاب ہونے والوں کی تعداد10 لاکھ15 ہزار 519 ہوگئی ہے جب کہ فعال کیسز کی تعداد91046  ہے۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی اور نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے چیئرمین اسد عمر نے کہا ہے کہ 17سال اور اس سے زائد عمر کے طلبا کے لیے 15ستمبر تک ویکسین کی ایک خوراک لگوانا لازمی ہوگا۔ طلبا کے ٹرانسپورٹیشن عملے کے لیے 31اگست تک ویکسی نیشن لازمی ہوگی جبکہ 30ستمبر کے بعد مکمل ویکسی نیشن نہ ہونے پر اندورن یا بیرون ملک کے لیے ہوائی سفر کی اجازت نہیں ہوگی۔ منگل کو این سی او سی میں ڈاکٹر فیصل سلطان کے ہمراہ میڈیا بریفنگ کے دوران اسد عمر نے مزید کہا کہ اگر آپ مکمل ویکسی نیشن کرانے میں ناکام رہے ہیں تو پاکستان سے باہر جانے اور پاکستان میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہوگی۔ انہوں نے شاپنگ مال سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں کی بڑی تعداد شاپنگ مال جاتی ہے۔ شاپنگ مال کے لیے بھی 31اگست تک سنگل ویکسین جبکہ 30ستمبر تک مکمل ویکسی نیشن کا ہدف مقرر کیا ہے۔ اس لیے اگر ویکسی نیشن مکمل نہیں کرائی تو عملے سمیت صارفین کو شاپنگ مال آنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ اسد عمر نے کہا کہ 17سال اور اس سے زائد عمر کے طلبا کے لیے 15ستمبر تک ایک ویکسین لگوانا لازمی ہوگا اور 15اکتوبر تک مکمل ویکسی نیشن نہیں کرائی تو وہ تعلیمی اداروں میں نہیں جا سکیں گے۔ والدین بچوں کی صحت کو اہمیت دیتے ہوئے ان کی ویکسی نیشن لازمی کروائیں۔ این سی او سی کے چیئرمین نے واضح کیا کہ ٹرین، بس یا دیگر عوامی سواریوں (پبلک ٹرانسپورٹ) سے مستفید ہونے والے اور اس کے عملے کے لیے 15ستمبر تک ایک ویکسین لگوانا لازمی ہے جبکہ 15اکتوبر کر مکمل ویکسی نیشن نہیں کرائی تو سفر اور ملازمت کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ علاوہ ازیں انہوں نے مزید بتایا کہ این سی او سی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ہوٹل اور گیسٹ ہائوس میں بھی 30اگست اور 30ستمبر کی پابندیاں لاگو ہوں گی۔ اسد عمر نے موٹر ویز اور ہائی ویز پر سفر کرنے والے مسافروں پر پابندی کے حوالے سے کہا کہ موٹر ویز پر سفر کرنے والوں کے لیے 15ستمبر تک پہلی جبکہ 18اکتوبر تک مکمل ویکسی نیشن لازمی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ہائی ویز پر سفر کرنے والوں کے لیے 30ستمبر اور 31اکتوبر تک بالترتیب ایک اور دو ویکسی نیشن لگوانا لازمی ہوگا۔ علاوہ ازیں معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ 12سال سے زائد کمزور قوت مدافعت کے حامل افراد کے لیے مخصوص ویکسین لگانے کا عمل یکم ستمبر سے ہوگا اور مختص کردہ سینٹرز پر ہی یہ ویکسین لگائی جائے گی تاکہ ان کا ریکارڈ برقرار رکھا جا سکے۔ علاوہ ازیں ڈاکٹر فیصل سلطان نے کرونا ویکسین لگوانے کے جعلی سرٹیفکیٹ سے متعلق کہا کہ ایسی خبریں موصول ہورہی ہے لیکن ان کی تعداد انتہائی محدود ہے تاہم ان کے خلاف قانون کارروائی کی جائے گی۔ اسد عمر نے طلبہ کی ویکسی نیشن شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اسد عمر نے کہا کہ 30 ستمبر کے بعد سے مکمل ویکسی نیشن کے بغیر نہ کوئی ملک میں آ سکے گا اور نہ جا سکے گا۔ شاپنگ مالز‘ ہوٹلز اور گیسٹ ہاؤسز میں بھی یہ پابندیاں لاگو ہوں گی۔ سربراہ این سی او سی نے مزید کہا کہ شادی کی تقریبات میں بھی 30 ستمبر کے بعد  غیر مکمل ویکسی نیشن شرکت کی اجازت نہیں ہو گی۔ انہوں نے  بتایا کہ موٹرویز اور ہائی ویز پر بھی 15 ستمبر سے پہلی ڈوز اور 15 اکتوبر کے بعد دونوں ڈوز کی پابندی ہوگی۔ خیبر پی کے میں وائرس کے کیسز میں اضافہ ہونے لگا۔ پشاور میں یومیہ شرح 19 فیصد تک پہنچ  گئی۔ شہر کے تین بڑے ہسپتالوں میں بیڈز کی تعداد بھی کم ہو گئی۔ محکمہ صحت کے مطابق صوبہ میں سب  سے زیادہ مثبت کیسز کی شرح پشاور میں 19 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں کرونا مریضوں کی تعداد بڑھ کر 200  کے قریب ہو گئی ہے۔  پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں کرونا مثبت شرح 12.4 تک پہنچ گئی۔ گزشتہ روز لاہور میں کرونا سے 11 اموات اور صوبہ بھر میں48  اموات رپورٹ کی گئیں۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب میں کرونا کی چوتھی لہر کی شدت میں اضافہ ہو رہا ہے۔سندھ حکومت نے کرونا کے پھیلاؤ کی روک تھام کیلئے سرکاری ملازمت کا حصول کرونا ویکسینیشن سے مشروط کر دیا۔ اب ملازمت کی درخواست کیساتھ ویکسینیشن سرٹیفکیٹ جمع کرانا لازمی ہوگا۔امریکا پاکستان کو اس ہفتے کرونا وائرس کی فائزر ویکسین کی 30لاکھ خوراکیں عطیہ کرے گا،تفصیلات  کے مطابق فائزر ویکسین پاکستان کے لیے اس عطیے کے بعد امریکا بین الاقوامی سفر کے لیے ویکسین عطیہ کرنے والا سب سے بڑا ملک بن جائے گا،محکمہ صحت کے ذرائع نے بتایا ہے کہ فائزر ویکسین نہ لگنے کی وجہ سے مشرقِ وسطی اور یورپ میں کام کرنے والے لاکھوں لوگ واپس نہیں جا سکے ہیں، فائزر ویکسین کی نئی کھیپ ان 10ملین خوراکوں کا حصہ ہے جو امریکا نے پاکستان کو ڈیمانڈ پوری کرنے کے لیے مختص کی ہیں۔

ای پیپر دی نیشن