اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ، این این آئی، آئی این پی) مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف گزشتہ روز نیب نہیں آئے۔ ان کی جگہ عطاء تارڑ نے جواب جمع کرایا۔ دوسری طرف (ن) لیگ کی ترجمان مریم اورنگزیب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نیب کا ایمان عمران خان فری احتساب ہے۔ چینی، آٹا چور کیوں طلب نہیں ہوتے۔ تفصیل کے مطابق شہبازشریف کی جانب سے نیب راولپنڈی کو جوابی خط لکھا گیا اور ان کے وکیل عطاء تارڑ نے نیب میں پیش ہوکر شہبازشریف کی طرف سے جواب جمع کرایا اور شہبازشریف کی عدم موجودگی اور جوابات پر بریفنگ دی۔ بعدازاں مسلم لیگ (ن) کے رہنما عطا تارڑ اور طارق فضل چودھری کے ہمراہ نیب راولپنڈی کے باہر پریس کانفرنس کرتے ہوئے ترجمان (ن) لیگ مریم اورنگزیب نے کہا کہ شہبازشریف پر 45 لاکھ روپے کے پودے لگانے کا کیس ہے۔ اربوں کھربوں کی کرپشن کا الزام اب پھول بوٹوں تک پہنچ چکا ہے۔ پودے لگانے کا الزام احسن اقبال کے بھائی پر لگایا ہے۔ مریم اور نگزیب نے کہا ہے کہ نیب کے عمران خان کے کارناموں پر نوٹس نہیں جاتے ،ڈیمزفنڈز کدھر گئے؟ چینی‘آٹا اور دوائیوں کا ٹھیکہ چوروں کو دیا۔ نیب کو پشاور میٹرو کے کھڈے نظر نہیں آرہے۔ چینی چور کیوں طلب نہیں ہوتے۔ شہباز شریف کو بارہ تاریخ کو نوٹس بھیجا گیا ،اس سے پہلے اسلام آباد نیب نے کوئی نوٹس نہیں بھیجا ،پولیس اور نیب کے حصار میں جواب جمع کرا دیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت کے کرائے کے ترجمان مسلسل جھوٹ بولتے ہیں ،کہتے ہیں احسن اقبال کے بھائی کو ٹھیکہ دیا ،حکومت نے چینی‘ آٹا اور دوائیوں کا ٹھیکہ چوروں کو دیا ، حکومت کو پشاور میٹرو کے کھڈے نظر نہیں آرہے۔ انہوں نے کہاکہ نیب کا ایمان عمران خان کا فری احتساب ہے ،نیب کے عمران کے کارناموں پر کو نوٹس نہیں جاتے ،نیب نیازی گٹھ جوڑ ہے۔ پنجاب کے ریلیف منصوبے بند کیے گئے۔ مریم اورنگزیب نے کہاکہ نواز شریف اور شہباز شریف کو اللہ تعالی نے ہمیشہ سرخرو کیا ،نیب کے دن تھوڑے رہ گئے ہیں وہ پوچھتے ہیں پینتالیس لاکھ کے پودے کیوں لگائے ۔ انہوں نے کہاکہ نوازشریف کے سامنے اْن کی بیٹی مریم نواز کو ہتھ کڑیاں لگائی گئیں ۔ مریم اور نگزیب نے کہاکہ ملک پر عمران خان پرائیوٹ کمپنی لمیٹڈ مسلط ہے ۔ انہوںنے کہاکہ صحافیوں کی کھلے عام زبان بندی کی جاتی ہے گولیاں چلائی جاتی ہے ،میڈیا اتھارٹی اور الیکٹرانک ووٹنگ مشین کو مسترد کرتے ہیں ، مریم اور نگزیب نے کہاکہ گزشتہ حکومت کے منصوبے کے فیتے کاٹے جاتے ہیں۔ شہباز شریف نے 10سال پنجاب کے عوام کی ڈٹ کر خدمت کی، شہباز شریف نے عوام کو ریلیف دیا، ہسپتال اور یونیورسٹیاں بنائیں، شہباز شریف نے 55سو میگاواٹ بجلی کا فیصلہ بھی کیا تھا، عمران خان نیازی نے شہباز شریف کے لگائے ہر منصوبے کو متنازع بنایا۔عمران خان اپنی اے ٹی ایم کو فائدہ پہنچا کر عوام کو نوے روپے کلو آٹا دے رہے ہیں۔ احتساب کا گندا نظام نیب نیازی گٹھ جوڑ کا نتیجہ ہے،دوائی، چینی، آٹا، بجلی اور گیس چورحکمران کو کوئی کال نوٹس نہیں جاتا، چیئرمین نیب کو پشاور بی آر ٹی کے 126ارب کے کھڈے نظر نہیں آتے، ہسپتالوں کو بند اور ادویات پر ڈاکا ڈالا گیا، لیکن عمران خان کو طلبی کا کوئی نوٹس نہیں ملتا۔