نیو یارک (نوائے وقت رپورٹ) سی آئی اے ڈائریکٹر ولیم برنس نے طالبان رہنما ملا عبد الغنی برادر سے خفیہ ملاقات کی ہے۔ امریکی اخبار دی واشنگٹن پوسٹ کی رپورٹ کے مطابق ایک امریکی عہدے دار نے بتایا کہ سینٹرل انٹیلی جنس ایجنسی (سی آئی اے) کے ڈائریکٹر ولیم برنس نے پیر کے روز کابل میں ملا برادر سے ملاقات کی۔ امریکی اخبار کے مطابق دونوں کے درمیان ہونے والی ملاقات میں کیا گفتگو ہوئی اس حوالے سے تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں۔ خیال رہے کہ گزشتہ روز طالبان نے کہا تھا کہ 31 اگست تک امریکا اور برطانیہ اپنا انخلا مکمل کریں اور اگر 31 اگست کے بعد بھی امریکی فوجی موجود رہتے ہیں تو اسے قبضے میں توسیع سمجھا جائے گا اور نتائج کے ذمہ دار وہ خود ہوں گے۔ ملاقات میں افغانستان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔