اسلام آباد (نامہ نگار) پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محود قریشی بیرونی دورے پر روانہ ہو گئے۔ قبل ازیں ان کا آسٹریلوی ہم منصب سے ٹیلی فونک رابطہ ہوا اور کینیڈا کیلئے نامزد پاکستانی ہائی کمشنر امیر خرم راٹھور نے ان سے دفتر خارجہ میں ملاقات کی۔ تفصیل کے مطابق آسٹریلیا کی وزیر خارجہ ماریس پین (Ms. Marise Payne ) سے گفتگو کے دوران وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان، افغانستان کے حوالے سے اجتماعیت کے حامل، جامع سیاسی تصفیے کا حامی ہے۔ موجودہ حالات کے پیش نظر، ضرورت اس امر کی ہے کہ افغانوں کی سکیورٹی اور ان کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو افغانستان کی تعمیر نو اور افغانوں کی معاشی بحالی کیلئے موثر اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔ وزیر خارجہ نے آسٹریلوی ہم منصب کو کابل سے مختلف ممالک کے سفارتی عملے، بین الاقوامی اداروں کے اہلکاروں اور میڈیا نمائندگان کے جلد انخلا کے سلسلے میں جاری پاکستانی معاونت سے آگاہ کیا۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان، آسٹریلیا کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان سیاسی، اقتصادی، اور تہذیبی حوالے سے دو طرفہ تعاون بڑھانے کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دو طرفہ تعلقات کی موجودہ نوعیت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے، انہیں مزید مستحکم بنانے کیلئے اعلی سطحی روابط کے فروغ پر زور دیا۔ آسٹریلوی وزیر خارجہ نے کابل سے انخلا کے عمل میں معاونت کی فراہمی پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی اور پاکستانی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی 24تا 26 اگست اپنے دورے کے دوران تاجکستان، ازبکستان، ترکمانستان اور ایران کی قیادت سے افغانستان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کریں گے۔ دوطرفہ تعلقات بڑھانے پر بھی تبادلہ خیال ہوگا۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی فریقین کو افغانستان میں ہونے والی تازہ ترین پیش ہائے رفت پر پاکستان کے نکتہ نظر سے آگاہ کریں گے۔ پاکستان سمجھتا ہے کہ افغانستان میں امن، سلامتی اور استحکام میں ہمسایہ ممالک اور خطے کا بڑا مفاد پنہاں ہے۔ مشترکہ مسائل سے نبرد آزما ہونے اور امن، سلامتی، استحکام اور خطے کو جوڑنے جیسے مشترکہ مقاصد کے فروغ میں ہمسایوں کے ساتھ قریبی اشتراک اہم ہے۔ دوطرفہ تعلقات کے تناظر میں وزیر خارجہ کے ان ممالک کے دوروں سے حالیہ اعلی سطحی روابط سے استوار پانے والے تعاون پر مبنی قریبی تعلقات کو مزید تقویت حاصل ہوگی۔ پاکستان ان شراکت داروں کے ساتھ کثیرالجہتی تعاون کو مزید گہرا اور وسیع کرنے کا خواہاں ہے۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کے دوروں سے علاقائی طرزعمل کے فروغ میں مدد ملے گی جبکہ وسط ومغربی ایشیا کے ساتھ پاکستان کے روابط مزید مضبوط ہوں گے۔ کینیڈا کے لیے پاکستان کے نامزد ہائی کمشنر امیر خرم راٹھور نے وزارت خارجہ میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی۔ وزیر خارجہ نے وزارت خارجہ میں بطور ایڈیشنل سیکرٹری امیر خرم راٹھور کی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ مجھے توقع ہے آپ جیسے منجھے ہوئے سفارت کار کی بطور ہائی کمشنر کینیڈا تعیناتی دو طرفہ تعلقات کے استحکام میں معاون ثابت ہو گی۔ نامزد ہائی کمشنر کینیڈا امیر خرم راٹھور نے وزیر خارجہ کی جانب سے دی گئی ہدایات پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے، دو طرفہ تعلقات کے استحکام کیلئے اپنی بہترین صلاحیتیں بروئے کار لانے کا یقین دلایا۔