کوئٹہ/گوادر(پی پی آئی) وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ دہشتگردوں کے حملوں سے نہ ترقی کا عمل رکا ہے اور نہ رکے گا،گوادر دھماکے میں وہ لوگ ملوث ہیں جو بلوچستان کو پر امن،پاکستان اور گوادر کو ترقی کرتا ہوا نہیں دیکھنا چاہتے،حملے کر نے والے سیاسی ذہن کے لوگ نہیں بلکہ یہ وہ لوگ ہیں جنہیں استعمال میں لا کر پیسہ اور ہدف دئیے جاتے ہیں،بلوچستان کی سیاست کا ایک حصہ رہا ہے کہ بہت سے عناصر ناراضگیوں کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اسے سیاسی رنگ دیکر اپنی سیاست چمکاتے ہیں بلوچستان کی پسماندگی مسائل پر بیرون ملک موجود ناراض بلوچوں سے بات چیت کر کے انکے خدشات دور کئے جائیں گے۔یہ بات انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی،اس موقع پر صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو، کمانڈر 12کور لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی، وزیراعلیٰ کے مشیر میر اکبر آسکانی، آئی جی پولیس رائے محمد طاہر سمیت دیگر بھی موجود تھے، انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے دشمنوں کے مفادات ملک دشمن عناصر سے وابستہ ہیں یہ کچھ لوگوں کے کہنے پر یہ تمام کاروبار کرتے ہیں حملے کر نے والے سیاسی ذہن کے لوگ نہیں بلکہ یہ وہ لوگ ہیں جنہیں استعمال میں لا کر پیسہ اور ہدف دئیے جاتے ہیں لیکن ہم گوادر کے عوام اور سیاسی نمائندوں کو اطمینا ن دیا ہے کہ حکومت اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ہم اپنی ذمہ داری ادا کرتے ہوئے انکے تحفظ کو یقینی بنائیں گے۔
دہشتگردی سے ترقی کا عمل رکا ہے نہ رکے گا،وزیراعلیٰ بلوچستان
Aug 25, 2021