پیپلز پارٹی کو ووٹ دینا ضائع کرنے کے مترادف ہے: شاہ محمودقریشی

Aug 25, 2022


 ملتان(نمائندہ نوائے وقت) پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ عمران خان حقیقی معنوں میں عوامی لیڈر ہیں‘ قوم عمران خان پر اعتماد کرتی ہے اور عمران خان کے بیانیہ کو تسلیم کرتی ہے۔ حکومت عمران خان کی مقبولیت دیکھ کر بوکھلاہٹ کا شکار ہو چکی ہے اور انتقامی کارروائیاں شروع کردی ہیں‘حکومت کا کاؤنٹ ڈاؤن شروع ہو چکا ہے۔ پی ڈی ایم اختتامیہ کی طرف چل پڑی ہے‘حقیقی آزادی دلانے کیلئے عمران خان کی قیاد ت میں سفر شروع ہوچکا ہے‘قوم تیاری کرے جلد نئے الیکشن کا اعلان ہوگا۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے گزشتہ روز این اے 157 کی یونین کونسل پل چٹھہ‘ یونین کونسل قادر پور راں‘ موضع باہو والا میں اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر آرائیں‘ قدیم‘ تھہیم‘ گجر‘ چوغطہ‘ وگ‘ درکھان اور گاؤر برادریوں نے ضمنی الیکشن میں پی ٹی آئی امیدوار محترمہ مہر بانو قریشی کی بھر پور حمایت کا اعلان کیا۔ انہوں نے جنرل انتخابات میں وہاں سے بھی پی پی کا صفایا ہوگا۔ پنجاب میں پیپلز پارٹی ختم ہوچکی ہے۔ سابقہ انتخابات میں پنجاب میں پیپلز پارٹی کے پاس امیدوار نہیں تھے۔ اب بھی یہی پوزیشن ہے۔ موجودہ سیاسی حالات میں پیپلز پارٹی کو ووٹ دینا ووٹ کو ضائع کرنے کے مترادف ہے قبل ازیں مخدوم شاہ محمود قریشی کی این اے 157 ضمنی الیکشن کے سلسلے میں یونین کونسل چٹھہ 7 پل پر وائس چیئرمین ملک اشفاق اعوان کی رہائشگاہ آگئے جہاں انہوں نے معززین علاقہ سے خطاب کیا۔ اس موقع پر تیلی برادری‘اعوان برادری‘ سہو برادری‘بھٹی برادری نے پی ٹی آئی امیدوار محترمہ مہر بانو قریشی کی بھرپور حمایت کا اعلان کیا۔ اس موقع پر ایم پی اے ملک واصف مظہر ران‘ حاجی خان بیگ لودھراں‘ اکرم خان پٹھان‘ملک کوثر تیلی‘ملک شفیق اوجلہ اور وقاص لودھراں بھی ہمراہ تھے۔

مزیدخبریں