حیدرآباد(نامہ نگار) جمعیت علما پاکستان نورانی کے مرکزی ترجمان یوسی 38پریٹ آباد ٹاؤن سے چیئرمین کے امیدوار ڈاکٹر محمد یونس دانش نے کہا ہے کہ بارشوں نے سندھ حکومت کی کارکردگی کی قلعی کھول دی سندھ کا ہرضلع اور شہر تباہی وبربادی کا منظر پیش کررہا ہے سیوریج نظام مکمل طور پرناکام ہوچکاہے اربوں روپے کی اسکیمیں پانی میں بہہ گئیں ناقص منصوبہ بندی، سیاسی بندربانٹ اورپارٹی نواز پالیسی نے سندھ کی عوام کو محرومیوں کی دلدل میں دھکیل دیا ہے غریب پہلے ہی مہنگائی بیروزگاری اور غربت وافلاس کے باعث دووقت کی روٹی کیلئے ترس رہا تھا طوفانی بارشوں نے انہیں بے گھر اور آسمان تلے کردیا ہے کئی ماہ سے شدید بارشوں کی پیشنگوئی کے باوجودحکومت سندھ عوام کو بروقت ریسکیو نہیں کرسکی ہزاروں لوگ پانی میں پھنسے ہوئے ہیں انہوں نے وزیر خارجہ بلاول زرداری کے بینظیر کارڈ ہولڈ کیلئے25ہزار روپے کی امدادپر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ وزیر خارجہ صاحب بارش نے صرف بینظیر کارڈ ہولڈرز کو متاثر نہیں کیا پورا سندھ تباہی اور بربادی کا منظر پیش کررہا ہے سندھ عوام کو بلا امتیاز امداد دی جائے۔ افسوس سندھ کی مخلوط حکومت وزیر اعلیٰ اور گورنر سندھ کو شہری علاقوں کی یہ تباہی بربادی دکھائی نہیں دیتی مسلسل سندھ کے شہری علاقوں کو نظر انداز کیا جارہا ہے حیدرآباد جس کی اکثریت نشیبی علاقوں پر مشتمل ہے ایک ماہ سے زائد عرصہ گزر جانے کے باوجود بلدیہ اعلی حیدرآباد اور واسا کی ناکامیوں کانوحہ کرتا دکھائی دیتا ہے شہری علاقوں سے تعلق رکھنے والے اتحادجماعتوں کے ایم این ایز،ایم پی ایز اور سینیٹرزاربوں کی گرانٹ ہڑپ کرچکے ہیں یہی وجہ ہے کہ عوام اب ان دونوں جماعتوں سے جان چھڑانا جاتے ہیں این اے 245 کے نتائج سے حکمراں اتحادی جماعتیں عبرت پکڑیں اور شہری عوام کو مصیبت کی اس گھڑی میں بے یارو مددگار چھوڑنے کی بجائے ان کی دادرسی کی جائے انہوں نے کہا کہ بلاامتیاز شہری اور دیہی کا فرق ختم کرتے ہوئے عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے۔قوم طوفانی بارشوں کے خاتمے کیلئے اللہ کی بارگاہ میں توبہ استغفار کرے اور اس سے مدد مانگیں اللہ اپنے فضل سے طوفان کو ٹال دے گا۔