لاہور (خصوصی نامہ نگار)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا کہ عالمی ادارے” سی پی آئی“ کی تازہ رپورٹ کے مطابق جنوبی ایشیا کے علاقائی ممالک میں مہنگائی کے حوالے سے سری لنکا کے بعد پاکستان کا دوسرانمبر آتا ہے۔ جولائی 2022میں افراط زر 24.9فیصد تک پہنچ گیا تھا۔ حکومتوں کی کارکردگی مایوس کن اورمعاشی لحاظ سے پاکستان دیوالیہ پن کے قریب پہنچ گیا ہے۔ کسی کو بھی عوام کی فکر نہیں۔بین الاقوامی ادارے پاکستانی معیشت پر تشویش کا اظہا ر کر رہے ہیںبہتری کے اثار نظر نہیں آتے۔ انہوں نے کہا کہ 800سے زائد اشیاءپر ڈیوٹی میں اضافہ کرکے عوام پر عرصہ حیات تنگ کیا جارہا ہے۔ حکومت اپنے اللے تللے پورے کرنے کی غرض سے مسلسل عوام پر مہنگائی کے کوڑے برسارہی ہے۔ ڈیوٹی میں اضافے سے حکومت کو 30ارب روپے کا ریونیو اکٹھا ہوگا جو کہ حکمرانوں کے شاہانہ پروٹوکول پر خرچ ہو جائے گا۔عالمی مالیاتی ادارے آئی ایم ایف سے قرض ابھی تک منظور نہ ہونے کی وجہ سے حکومت نے امیروں اور غریبوں پر 180روپے کے ٹیکس لگا کرظلم کی انتہا کردی ہے۔