لاہور (کامرس رپورٹر )چین کے قونصل جنرل راؤ شیرین نے گزشتہ روز پنجاب تیانجن یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی کا دورہ کیا اور مختلف شعبوں میں جاری تدریسی عمل کا جائزہ لیا۔یونیورسٹی کے وائس چانسلر نے منصوبے کے بارے بریفنگ دی۔ سیکرٹری صنعت و تجارت ڈاکٹر احمد جاوید قاضی، سی ای او پنجاب سرمایہ کاری بورڈ جلال حسن ، ڈی جی پی ایس ڈی اے اور یونیورسٹی کی انتظامیہ اور اساتذہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔ پنجاب تیانجن یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی (PTUT) سی پیک کے تحت پنجاب اور چین کے درمیان سماجی اقتصادی تعاون کا ایک تاریخی منصوبہ ہے۔ قونصل جنرل کا دورہ ٹیوٹا (پنجاب) کے کنسورشیم اور چین کے تیانجن شہر کی 3 ٹیکنیکل یونیورسٹیوں تیانجن یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی اینڈ ایجوکیشن، تیانجن پولی ٹیکنیک یونیورسٹی اور تیانجن یونیورسٹی کے کنسورشیم کے ذریعے قائم کیے گئے۔ اس تاریخی منصوبے کیلئے پنجاب اور چین کے درمیان جاری تعاون کا جائزہ لینے کیلئے تھا۔ سیکرٹری صنعت و تجارت ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے قونصل جنرل کے دورے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب تیانجن یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی پاکستان اور چین کی دوستی کے حوالے سے سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے۔دوطرفہ تعاون کے کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے اور دو طرفہ تعاون کو بڑھانے کا یہی صحیح وقت ہے تاکہ انسانی وسائل کو متعلقہ اور جدید ترین مہارتوں اور تکنیکی علم سے آراستہ کرکے اسے صنعتی توسیع کیلئے استعمال کیا جا سکے۔