بائیوٹیکنالوجی ، فوڈ ، زراعت میں پاکستانی تاجروں کو فائدہ اٹھانا چاہیے:اماراتی سفیر

Aug 25, 2022

لاہور(کامرس رپورٹر) متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید ابراہیم سالم الزابی نے لاہور چیمبر میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ یو اے ای کے بائیوٹیکنالوجی ، فوڈ اور زراعت سمیت دیگر بہت سے شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع ہیں جن سے پاکستانی تاجروں کو بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیے۔ لاہور چیمبر کے صدر میاں نعمان کبیر نے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے دوطرفہ تجارت اور معاشی صورتحال پر تفصیل سے روشنی ڈالی جبکہ سینئر نائب صدر میاں رحمن عزیز چن اور نائب صدر حارث عتیق نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔ سفیر نے کہا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات بہترین تعلقات کے حامل جبکہ وہاں مقیم پاکستانی معاشی حوالے سے اہم کردار ادا کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یو اے ای کے سرمایہ کاروں کی بڑی تعداد پاکستان میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی رکھتی ہے لیکن مارکیٹ کے بارے میں معلومات کا فقدان آڑے آرہا ہے۔ لاہور چیمبر کے صدر میاں نعمان کبیر نے کہا کہ متحدہ عرب امارات مشرق وسطی کی اہم معاشیات میں سے ایک ہے۔ گذشتہ چند دہائیوں کے دوران اس نے غیر معمولی ترقی کی ہے۔متحدہ عرب امارات اور پاکستان بڑے اقتصادی اور تجارتی شراکت دار ہیں۔

مزیدخبریں