سندھ میں تباہی پیپلزپارٹی کی بدانتظامی  کے باعث پھیلی: مصطفی کمال

کراچی ( نیوز رپورٹر)پاک سر زمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفی کمال نے کہا کہ کراچی سے کشمور تک تباہی اور بربادی بارشوں سے نہیں بلکہ پیپلز پارٹی کی بد انتظامی کی وجہ سے پھیلی ہے۔ پیپلز پارٹی کی نااہل، ظالم اور کرپٹ حکمرانوں کو فوٹو سیشن کروانے کے سوا کوئی کام نہیں، کراچی سے کشمور تک پورے سندھ میں سیلابی بارشوں سے جہاں سینکڑوں معصوم انسانی جانیں ضائع ہوگئیں وہیں اربوں روپے کی کھڑی فصلیں تباہ و برباد ہوگئی؛ مال، مویشی، گھر سیلابی پانی کے ریلوں میں بہہ گئے۔ کراچی سے کشمور تک لاکھوں افراد بے یارو مددگار کھلے آسمان کے نیچے رہنے پر مجبور ہیں اور اس سب کی زمہ دار صرف پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت ہے۔ پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت بلدیاتی حکومت کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔ آج اگر منتخب بلدیاتی حکومتیں موجود ہوتیں تو ریسکیو اور ریلیف کا کام زیادہ سرعت سے انجام پاسکتا تھا مگر سندھ کے نااہل حکمران کرپشن میں مصروف ہیں۔ بین الاقوامی میڈیا کو کراچی سے کشمور تک موت، تباہی اور بربادی نظر آگئی لیکن پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت کو نظر نہیں آرہی۔ 
مصطفی کمال

ای پیپر دی نیشن