کراچی (کامرس رپورٹر) ملک میں ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں کمی کا سلسلہ مسلسل تین روز سے جاری ہے۔ گزشتہ روز اوپن مارکیٹ میں ڈالر 7 روپے مہنگا ہوکر 227 روپے کا ہو گیا۔ انٹر بنک میں بھی ڈالر 72 پیسے مہنگا ہو گیا اور کاروبار کے اختتام پر 218 روپے 38 پیسے کا ہو گیا۔ دوسری جانب حکومت کی طرف سے بین الاقوامی پروازوں میں سفر کرنے والے تمام مسافروں کو دیگر چیزوں کے علاوہ کرنسی کی تفصیلات کے ساتھ ڈیکلیئریشن فارم جمع کرانے کی ہدایت کی وجہ سے ایکسچینج کمپنیوں کی ڈالر کی سپلائی کم ہو گئی۔ پاکستان سٹاک مارکیٹ میں بدھ کے روز معمولی مندی دیکھی گئی۔ شیئرز مارکیٹ میں مندی کے سبب کے ایس ای 100انڈیکس 28.80پوائنٹس کمی سے 43337.97 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔ کے ایس ای 30انڈیکس 35.77پوائنٹس اضافہ سے 16526.60اور کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 49.99پوائنٹس کمی سے 29653.26پوائنٹس پر بند ہوا جبکہ کے ایم آئی 30انڈیکس 69.04پوائنٹس بڑھ کر72195.15 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔ مجموعی سرمایہ 13ارب 54کروڑ 45لاکھ 281 روپے کمی سے 71کھرب 97ارب 98کروڑ 32لاکھ 95ہزار 820 روپے کی سطح پر آگیا جبکہ کاروباری حجم 32کروڑ حصص کی سطح سے گھٹ کر 25کروڑ 64لاکھ 79ہزار 127 حصص کی سطح پر آگیا۔ عالمی مارکیٹ میں سونے کی فی اونس قیمت میں13ڈالرز بڑھنے کے باوجود مقامی صرافہ مارکیٹ میں سونے کے بھائو میں کمی رہی۔ سونے کی قیمت 100روپے کمی سے 1لاکھ 45ہزار 900 اور دس گرام سونے کی قیمت 85روپے اضافہ سے 1لاکھ 25ہزار 86روپے رہی جبکہ چاندی کی فی تولہ قیمت 1540 روپے کی سطح پر مستحکم ریکارڈ کی گئی۔
ڈالر/ سونا