جیل خانہ جات ریفارمز کمیٹی اجلاس‘قیدیوں کو بامقصد شہری بنانے کی تجاویز پر غور

Aug 25, 2022

لاہور(خبرنگار)صوبائی وزیر داخلہ و جیل خانہ جات محمد ہاشم ڈوگر کی زیرصدارت جیل خانہ جات ریفارمز کمیٹی کے دوسرے اجلاس کا انعقاداجلاس میں کمیٹی کے کنوینئر ہمیش خان ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری ہوم،آئی جی جیل خانہ جات پنجاب ، ڈی جی پیرول سروسز، مس امل محی الدین، سارا بلال اور حماد ارشد نے شرکت کی۔اجلاس کا مقصد موجودہ جیل خانہ جات کے سسٹم کو جانچنا اور اس حوالے سے تمام سٹیک ہولڈرز کےساتھ مشاورت سے اس میں بہتری کے حوالے سے تجاویز پیش کرنا شامل تھا۔کمیٹی کے کنوینئر ر ہمیش خان نے جیل ریفارمز کے حوالے سے ممبران کو بریفنگ دی۔اجلاس میں موجودہ جیل سسٹم میں قیدیوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور قیدیوں کو معاشرے کا بامقصد شہری بنانے کے حوالے سے بھی مختلف صرف تجاویز پر غور کیا گیا اور ان قیدیوں کو بہترین وکیشنل ٹریننگ دینے اور ان کو جیل کے اندر روزگار کے مواقع فراہم کرنے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا تاکہ کہ جب وہ جیل سے رہا ہوکر معاشرے میں جائیں تو ان کے پاس ہنر بھی موجود ہو اور کوئی روزگار شروع کر سکیں۔ اجلاس میں قیدیوں کی بنیادی سہولیات کی فراہمی جیسے رہائش ، تعلیم صحت، تفریح اور کھانے پینے کی سہولتوں کو بین الاقوامی لیول پر فراہم کرنے کی تجاویز پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ قیدیوں کے حوالے سے لیگل فریم ورک میں بہتری کے حوالے سے بھی مختلف تجاویز زیر غور آئیں۔صوبائی وزیر داخلہ و جیل خانہ جات محمد ہاشم ڈوگر نے کہا کہ قیدیوں کی بھلائی کےلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے اور ایسے اقدامات اٹھائے جائیں گے جب وہ جیل سے رہا ہوں تو معاشرے کے باعزت شہری بن کر کر زندگی گزار سکیں۔ جیل میں تمام سہولیات کو بین الاقوامی سٹینڈرڈ کے مطابق کرنے کی بھرپور کوشش کی جائےگی۔ صوبائی وزیر داخلہ نے اگلے کمیٹی اجلاس کو کوٹ لکھپت جیل لاہور میں منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ۔

مزیدخبریں