کراچی :پی ٹی آئی نے کراچی میں بلدیاتی الیکشن ملتوی کرنے کے خلاف سندھ ہائی کورٹ میں درخواست دائر کردی۔تحریک انصاف نے بلدیاتی الیکشن کے التوا کے خلاف درخواست دائرکردی ، پی ٹی آئی رہنما خرم شیرزمان اور راجہ اظہر نے سندھ ہائی کورٹ میں درخواست دائرکی۔چیف الیکشن کمیشن ، صوبائی الیکشن کمیشن اور حکومت سندھ کو درخواست میں فریق بنایا گیا ہے۔درخواست میں کہا گیا کہ کراچی میں زیادہ بارش نہیں ہورہی، الیکشن کمیشن نے الیکشن ملتوی کر دیے، انتخابات سندھ حکومت اور اسکی اتحادی جماعتوں کی خواہش پر ملتوی کیے گئے۔درخواست میں کہا گیا ہے کہ انتخابات ملتوی کرکے عوام کو نمائندے منتخب کرنے سے روکا گیا، دوسرے مرحلے کے بلدیاتی انتخابات فوری کرانے کا حکم دیا جائے۔گذشتہ روز الیکشن کمیشن آف پاکستان نے کراچی میں بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا تھا، یہ فیصلہ چیف الیکشن کمشنر نے الیکشن کمشنر سندھ اور ضلعی انتظامیہ سے موصول ہونے والی رپورٹس کا حوالہ دیتے ہوئے کیا۔