لاہور(لیڈی رپورٹر) ڈائریکٹر جنرل سوشل ویلفیئر پنجاب مدثر ریاض ملک نے کہاہے کہ محکمہ سماجی بہبود غریب و متوسط طبقے کی نمائندگی کرتاہے۔ نوجوان افسران انسانی ہمدردی کے جذبے کو بروئے کار لا کر فلاحی سرگرمیوں اور عام آدمی کی زندگی میں مثبت تبدیلی لائیں۔وہ گزشتہ روز سوشل ویلفیئر ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ لاہور میں زیر تربیت سوشل ویلفیئر آفیسرز کے ڈائریکٹوریٹ جنرل سوشل ویلفیئر پنجاب کے دورہ کے موقع پر خطاب کررہے تھے۔ انہوںنے کہا کہ ٹریننگ کے بعد آفیسرز کو محکمانہ امور بہتر انداز میں سمجھنے اور پیشہ ورانہ فرائض کی ادائیگی میں مدد ملے گی۔بعد ازاں افسران نے سوشل ویلفیئر کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا اور مختلف ونگ کے ڈائریکٹرز نے انہیں پریزینٹیشن کے ذریعے محکمے کے اغراض و مقاصد اور قواعد و ضوابط سے متعلق تعارفی معلومات دی۔اس موقع پرڈائریکٹر ایڈمن فیض نعیم وڑائچ، ڈائریکٹر پروگرامز زیب وسیم، ڈائریکٹر پلاننگ محمد سلمان، ڈائریکٹر پی سی آر ڈی پی عرفان گوندل، پرنسپل سوشل ویلفیئر ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ لبنیٰ جبیں سمیت محکمہ کے دیگر افسران بھی موجود تھے۔
محکمہ سماجی بہبود غریب و متوسط طبقے کی نمائندگی کرتاہے:مدثر ریاض ملک
Aug 25, 2023