انٹر بنک میں ڈالر کی ٹرپل سنچری ، زرمبادلہ ذخائر 8 ارب ڈالر سے کم 


کراچی(کامرس رپورٹر)ملکی تاریخ میں پہلی بار انٹر بینک میں ڈالر300روپے کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گیا جبکہ اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قدر314روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔انٹر بینک اور اوپن مارکیٹ میں روپے کی قدر میںبدترین گراوٹ کا سلسلہ تھم نہ سکا اور جمعرات کے روز بھی روپے کے مقابلہ ڈالر کا پلڑا بھاری رہا۔سٹیٹ بینک کے مطابق انٹر بینک میں گزشتہ روزڈالر کی قدر58پیسہ اضافہ سے299.64روپے سے بڑھ کر300.22روپے کی سطح پر آگئی ،فاریکس ایسوسی ایشن کے مطابق گزشتہ روز اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر2روپے اضافہ سے314 روپے کی سطح پر آگئی۔جبکہ عالمی مارکیٹ میں گزشتہ روز سونے کی فی اونس قیمت11ڈالرز اضافہ سے1915ڈالرز فی اونس کی سطح پر ریکارڈ کی گئی۔عالمی مارکیٹ میں سونے کے نرخوں میں اضافہ کے باوجود مقامی سطح پر سونے کی قیمت2لاکھ32ہزار600روپے اوردس گرام سونے کی قیمت 1لاکھ99ہزار417روپے جبکہ چاندی کی فی تولہ قیمت2800روپے کی سطح پر مستحکم ریکارڈ کی گئی۔علاوہ ازیں ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں کمی کا سلسلہ جاری ہے اورسرکاری زرمبادلہ کے ذخائر8ارب ڈالرز کی سطح سے نیچے گر گئے۔سٹیٹ بینک کے مطابق 18اگست کو ختم ہونے والے ہفتہ پر ملکی زرمبادلہ کے مجموعی ذخائر13ارب24کروڑ84لاکھ ڈالرز کی سطح پر ریکارڈ کئے گئے، اس دوران مرکزی بینک کے ذخائر 12کروڑ50لاکھ ڈالرز کمی کے بعد 7ارب93کروڑ5لاکھ ڈالرز کی سطح پر آگئے جبکہ کمرشل بینکوں کے پاس 5ارب31کروڑ79لاکھ ڈالرز موجود تھے۔
ڈالر،سونا 

ای پیپر دی نیشن