ملتان(سماجی رپورٹر)عظیم روحانی پیشوا شیخ الاسلام حضرت غوث بہاءالدین زکریا سہروردی ملتانی کے 784ویں سالانہ عرس کے دوسرے روز قومی زکریا کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے درگاہ کے سجادہ نشین مخدوم شاہ محمود حسین قریشی کے فرزند مخدومزاد ہ زین حسین قریشی نے کہا ہے کہ بزرگان دین کے یہ آستانے صدیوں سے رشدو ہدایت کا مرکز اور مرجع خلائق یہ مرکز روحانیت ہیں جن سے اتحاد و یکجہتی اور امن و آتشی کا درس ملتا ہے۔ ہم ہمیشہ اپنے بزرگوں کے امن ومحبت کے اس پیغام کو عام کرتے رہیں گے۔ اس تقریب میں مخدوم مرید حسین قریشی کے صاحبزادے مخدومزادہ سجاد حسین قریشی‘ بریگیڈیئر(ر) مقصود قریشی‘ سید علی اکبر شاہ‘ میاں محمد عابد سہروردی اور میاں عابد حسین قریشی کے علاوہ ممتاز علماء و مشائخ اور ملک بھر سے ہزاروں عقیدت مندو ں نے شرکت کی۔ مخدومزادہ زین حسین قریشی نے کہا کہ مخدوم شاہ محمود حسین قریشی قید وبند کی صوبتوں‘ تشدد‘ اور سختیوں کے باوجود عز م و ہمت کا پیکر ہیں۔ ان کی استقامت میں ذرا بھرلرزش نہیں آئی۔اس موقع پر جماعت اہلسنت پاکستان کے مرکزی ناظم اعلیٰ پیر خالد سلطان قادری نے قرارداد پیش کی جس میں مطالبہ کیا گیا تھاکہ مخدوم شاہ محمود حسین قریشی کو فی الفور رہا کیا جائے۔ وہ وطن عزیز کے باکردار اور محبت وطن سیاست دان ہیں۔ جنہوں نے پوری دنیا میں اسلام اور پاکستان کی ترجمانی کا حق ادا کیا ہے۔ قومی کانفرنس سے پاکستان زکریا اکیڈمی کے جنرل سیکرٹری پروفیسر ڈاکٹر محمد صدیق خان قادری‘بہاءالدین زکریا یونیورسٹی کے شعبہ اسلامک سڈڈی کے سربراہ پروفیسر عبدالقدوس صہیب‘جامعہ عثمانیہ تعلیم القرآن کے مہتم خادم حسین سعیدی‘ قاری محمدرمضان چشتی‘ مولانا محمد صادق سیرانی‘ قاری مطیع الرسول سعیدی‘ مسود الٰہی سعیدی سمیت مختلف مقررین نے حضرت شیخ الاسلام کی سیرت اور تعلیمات پر اظہار خیال کیا۔ کانفرنس میں قاری رحمت حسین قادری اور قاری محمد یونس نے تلاوت‘ جبکہ حمید نواز عاصم‘ علی رضا قریشی‘ محسن رضا سعیدی‘ علی انور چاچڑ اور دیگر نعت خوانوں نے ہدیہ عقدیت پیش کیا۔ دربا رکے ترجمان پروفیسر ڈاکٹر محمد صدیق خان قادری نے سٹیج سیکرٹری کے فرائض سرانجام دیئے۔علاوہ زیں حضرت غوث بہاءالدین زکریا سہروردی ملتانی ؒ کے عرس کے آخری روز 25 اگست جمعتہ المبارک 10بجے دن منعقد ہوگی۔اختتامی تقریب میں جماعت اہلسنت پاکستان کے سربراہ علامہ مظہر سعید کاظمی سمیت ممتاز علماءو مشائخ شریک ہونگے۔ ساڑھے12 بجے دن اختتامی دعا اور چادر پوشی ہوگی
زین قریشی