انسداد پولیو مہم،ہائی رسک آبادیوں کےلئے نیا پلان تشکیل دیا جائے،خضر افضال چوہدری


راولپنڈی(جنرل رپورٹر) پنجاب ایمرجنسی آپریشنز سنٹر کے کوآرڈینیٹر اور پنجاب میں پولیو پروگرام کے سربراہ خضر افضال چوہدری نے صوبہ بھر کے ضلعی حکام کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہائی رسک آبادیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے نیا پلان تشکیل دیا جائے تاکہ انسداد پولیو مہم کی کوالٹی کو بہتر کیا جا سکے، انہوں نے تجویز پیش کی کہ غیر معیاری کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے عہدیداروں کو مستقبل میں پولیو کے قطرے پلانے کی مہم کا حصہ نہ بنایا جائے۔ایمرجنسی آپریشنز سنٹر کے کوآرڈینیٹر نے یہ بات راولپنڈی اور اٹک میں صحت کے اعلیٰ ضلعی حکام سے بات کرتے ہوئے پولیو کے خاتمے کی خصوصی مہم کے خاتمے پر کہی جو شہر میں مثبت ماحولیاتی نمونے سامنے آنے کے جواب میں منعقد کی گئی تھی،راولپنڈی اور اٹک کے چیف ایگزیکٹو آفیسرز کے علاوہ اس اجلاس میں دونوں اضلاع سے تعلق رکھنے والے شراکت دار عملے نے بھی ویڈیو لنک کی مدد سے شرکت کی، انہوں نے زیادہ خطرات سے دوچار ایک مقام سے دوسرے جگہ منتقل ہونے والی آبادی کی نقل و حرکت کے طریقوں کا جائزہ لینے اور تحصیل ٹیکسلا میں مزید داخلی مقامات کی نشاندہی پر بھی زور دیا۔ راولپنڈی پنجاب کے کسی دوسرے شہر کی نسبت کہیں زیادہ حساس ہے کیونکہ یہ پولیو وائرس کی باقی ماندہ پناہ گاہوں کے قریب ہے۔

ای پیپر دی نیشن