اساتذہ سیکھنے کا عمل جاری رکھنے میں دلچسپی لیں ،نگراں وزیرتعلیم

Aug 25, 2023


کراچی(اسٹاف رپورٹر)نگراں صوبائی وزیر تعلیم و ترقی نسواں سندھ رعنا حسین نے کہا ہے کہ کالج لیول پر نصاب کے حوالے سے بہت سے موضوعات پر کام کرنے کی ضرورت ہے، میڈیکل اور انجینئرنگ کے علاوہ انٹرمیڈیٹ لیول کے دیگر مضامین کے نصاب کی تیاری کے لیے متعلقہ موضوعات کی ماہرین کو بھی آگے آ کر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ یہ بات انہوں نے آج گورنمنٹ کالج آف ایجوکیشن ایف بی ایریا کراچی میں کالج ایجوکیشن ٹریننگ ونگ کے زیر اہتمام انڈکشن ٹریننگ کی اختتامی تقریب میں اظہار خیال کرتے ہوئے کی۔ محکمہ کالج ایجوکیشن سندھ کی طرف سے نئے بھرتی ہونے والے 100 لیکچرار کی انڈکشن ٹریننگ پروگرام کامیابی کے ساتھ مکمل کیا گیا ہے۔ اس موقع پر سیکریٹری کالج ایجوکیشن سندھ احمد بخش ناریجو، ڈائریکٹر کالجز کراچی، ڈپٹی سیکریٹری اکیڈمک اینڈ ٹریننگز راشد احمد کھوسو، کالج اساتزہ اور لیکچررز بھی موجود تھے۔ صوبائی وزیر تعلیم رعنا حسین نے دوران تقریب اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ سیکھنے کا عمل زندگی بھر جاری رہتا ہے۔ امید ہے کہ کالج لیکچرارز نے ٹریننگ کے دوران جو سیکھا ہے اس سے طلبہ و طالبات کو فائدہ ہوگا۔ نگران وزیر رعنا حسین نے کہا کہ اساتذہ سیکھنے کے عمل کو جاری رکھنے میں دلچسپی لیں انہیں بحیثیت استاد اپنی ذمہ داریوں کو سمجھنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اساتذہ کو روزانہ کی بنیاد پر لیسن پلان کے ساتھ کلاسز میں جانا چاہیے، انہیں سیکھنے کے حاصلات پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ نگران صوبائی وزیر تعلیم نے کہا کہ نصاب کے حوالے سے بہت سے موضوعات پر کام کرنے کی ضرورت ہے، انہوں نے مزید کہا کہ میڈیکل اور انجنیئرنگ کے علاوہ انٹرمیڈیٹ لیول کے دیگر مضامین کے نصاب کی تیاری کے لیے متعلقہ موضوعات کی ماہرین کو بھی آگے آ کر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ اس موقع پر سیکریٹری کالجز سندھ احمد بخش ناریجو نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ کالجز کو بہتر بنانے کے لیے بہت سے منصوبوں پر کام کر رہے ہیں انہوں نے کہا کہ محکمہ کالج سندھ میں ریسرچ اینڈ ٹریننگ کے شعبہ کو مزید فعال بنایا جائے گا تا کہ سیکھنے کے عمل کو جاری رکھا جا سکے۔ بعد ازاں موقع پر صوبائی وزیر تعلیم رعنا حسین نے انڈکشن ٹریننگ مکمل کرنے والے لیکچرار میں سرٹیفکیٹ بھی تقسیم کیے۔
رعنا حسین 

مزیدخبریں