لاہور(نیوز رپورٹر) نگران صوبائی وزراء صحت ڈاکٹر جاوید اکرم اور ڈاکٹر جمال ناصر سے محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر میں برطانیہ کی ہیلتھ سکیورٹی ایجنسی کی چیف ایگزیکٹو ڈاکٹر جینی ہیرس اور انٹرنیشنل ہیلتھ ریگولیشنز کی پراجیکٹ لیڈ ڈاکٹر اینی ولسن نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی۔ ملاقات میں ایڈوائزر نیشنل ہیلتھ سروسز ڈاکٹر شفیع ملک، ڈائریکٹرجنرل ہیلتھ سروسز پنجاب ڈاکٹر الیاس گوندل، ڈاکٹر محمد فاروق، ڈاکٹر یداللہ، ڈاکٹر سعید اختر و محکمہ صحت کے دیگر افسران بھی موجود تھے۔نگران صوبائی وزراء صحت ڈاکٹر جاوید اکرم اور ڈاکٹر جمال ناصر نے برطانیہ کی ہیلتھ سکیورٹی کے وفد کو پنجاب کی عوام کو صحت کی فراہم کی جانے والی سہولیات بارے بریفنگ دی۔ برطانیہ کی ہیلتھ سکیورٹی کے وفد نے پنجاب کی عوام کو صحت کی بہتر سہولیات فراہم کرنے کی کاوشوں کو سراہا۔ ڈاکٹر جمال ناصر نے کہاکہ وفد کے دورے سے برطانیہ اور پنجاب کے درمیان ہیلتھ کیئر پارٹنر شپ مضبوط ہو گی۔ نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہاکہ پاکستان آبادی کے اعتبار سے اگلے 20 سال بعد دنیا کا تیسرا بڑا ملک بننے جا رہا ہے۔ پوری دنیا میں خطرناک بیماریوں پر قابو پانے کیلئے جدید ٹیکنالوجی کا سہارا لیا جا رہا ہے۔پنجاب کی عوام کو خطرناک بیماریوں سے بچانے کیلئے آرٹیفشل انٹیلی جنس کا نظام متعارف کروایا گیا ہے۔ بعد ازاں نگران صوبائی وزراء صحت ڈاکٹر جاوید اکرم اور ڈاکٹر جمال ناصر نے وفد کے ممبران میں یادگاری شیلڈز بھی تقسیم کیں۔