کراچی(این این آئی) لاپتہ شہری خان زادہ گھرواپس پہنچ گیا،پولیس حکام کی لاعلمی پر سندھ ہائی کورٹ نے سرزنش کردی اور کہاکہ بہت ہی افسوسناک صورتحال ہے، پولیس شہری کی بازیابی سے بھی لاعلم ہے، آخر پولیس کا دھندا کیا چل رہا ہے؟۔جمعرات کو سندھ ہائیکورٹ میں لاپتہ افراد کی بازیابی سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی۔ پولیس حکام لاپتہ شہری کی واپسی سے بھی لاعلم رہے۔ جسٹس نعمت اللہ پھلپوٹو نے پولیس حکام کی سرزنش کردی۔ جسٹس نعمت اللہ پھلپھوٹو نے ریمارکس دیئے کہ بتائیں، لاپتہ شہری کی بازیابی سے متعلق کیا پیش رفت ہوئی؟ پولیس حکام نے کہا کہ لاپتہ شہری کا کچھ پتہ نہیں چل سکا۔درخواستگزار کے وکیل نے موقف دیا کِہ لاپتہ شہری خان زادہ گھر واپس آگیاہے۔ درخواست مزید نہیں چلانا چاہتے۔ جسٹس نعمت اللہ پھلپھوٹو نے ریمارکس دیئے یہ کیا ہو رہا ہے؟ پولیس شہری کی بازیابی سے بھی لاعلم ہے۔ آخر پولیس کا دھندا کیا چل رہا ہے؟ بہت ہی افسوسناک صورتحال ہے۔ عدالت نے شہری کی جانب سے درخواست واپس لینے پر نمٹا دی۔
لاپتہ خان زادہ گھر پہنچ گیا،پولیس کی لاعلمی ، سندھ ہائیکورٹ نے سرزنش کردی
Aug 25, 2023