اسلام آباد(نا مہ نگار)ترکمانستان کے سفیر عطاجان مولاموف نے آج نگران وفاقی وزیر برائے توانائی محمد علی سے ملاقات کی۔سفیر نے نگران وفاقی وزیر کو اپنا نیا قلمدان سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی اور نیک خواہشات کا تبادلہ کیا۔نگران وفاقی وزیر توانائی نے سفیر کو آگاہ کیا کہ نگران وزیراعظم پاکستان انوار الحق کاکڑ کے لیے تاپی منصوبے پر عملدرآمد باعث اطمینان ہے۔ دونوں فریقین نے تاپی گیس پائپ لائن منصوبے کی رفتار تیز کرنے پر اتفاق کیا۔ نگران وفاقی وزیر محمد علی نے پاکستان کی معیشت کے لیے گیس کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ ملک کی بڑھتی ہوئی توانائی کی طلب کے ساتھ، ایسے منصوبوں پر کام تیز کرنے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے تاپی منصوبے کے حوالے سے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ اس پراجیکٹ پر پیش رفت درست سمت میں ہے اور اس کا بہترین نتیجہ نکلے گا۔ اس تناظر میں، توقع ہے کہ میزبان حکومت کا معاہدہ (HGA) اکتوبر میں، باہمی اتفاق رائے سے مکمل ہو جائے گا۔ مزید برآں، منصوبے کو تیز کرنے کے لیے ترکمانستان۔افغانستان۔پاکستان (ٹی اے پی) بجلی کے منصوبے پر ورکنگ گروپ کے متواتر اجلاس منعقد کیے جائیں گے۔نگراں وزیر توانائی نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ ترکمانستان اور پاکستان دونوں ایک دوسرے کو سٹریٹجک پارٹنر سمجھتے ہیں۔ تاپی منصوبہ نہ صرف ملک کی تیزی سے بڑھتی ہوئی توانائی کی طلب کو پورا کرنے میں مدد دے گا بلکہ علاقائی رابطوں اور اس سے منسلک اقتصادی ترقی کے لیے بہترین مواقع فراہم کرے گا۔
تاپی گیس پائپ لائن منصوبہ توانائی کی طلب پورا کرنے میں مدد دیگا، محمد علی
Aug 25, 2023