حافظ آباد ( نمائندہ نوائے وقت)ڈپٹی کمشنر حافظ آباد عبد الرزا ق اور ڈی پی اوفیصل گلزار نے شہدائے کربلا کے چہلم کے سلسلہ میں جلوس کی گزرگاہوں کا دورہ کیا اور وہاں سکیورٹی سمیت ضلعی انتظامیہ و دیگر محکموں کی جانب سے کیے جانے والے انتظامات کا جائزہ لیا۔اسسٹنٹ کمشنر منور حسین،ڈسٹرکٹ ایمر جنسی آفیسر ریسکیو 1122محمد عدنان نواز سمیت پولیس ، سول ڈیفنس، ہیلتھ ،میونسپل کمیٹی ،اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران بھی انکے ہمراہ تھے ۔ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او نے فوارہ چوک میں چہلم کے حوالے سے منعقد ہونے والی مجلس کے مقام اور جلوس کے روٹ کا دورہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او کاکہنا تھا کہ شہداے کربلا کے چہلم کے موقع پر امن و امان سمیت دیگر تما م انتظامات کو یقینی بنایا جائیگا۔ جلوس کی گزر گاہوں کو مکمل طور پر سیل کر کے داخلی راستوں پر واک تھرو گیٹ لگائے جائینگے۔ جبکہ جلو س اور مجالس کی مانیٹرنگ کے لیے سی سی ٹی وی کیمرے بھی نصب کیے گئے ہیں۔ڈپٹی کمشنر نے میونسپل کمیٹی کے افسران کو ہدایت کی کہ مجلس کے مقام اور جلوس کے روٹ کی مکمل طور پر صفائی ستھرائی کی جائے اور وہاں پر قائم تجاوزات کو بھی ہٹایا جائے ۔قبل ازیں ڈپٹی کمشنر عبد الرزاق کی زیر صدارت ضلعی امن کمیٹی اور بین المذاہب ہم آہنگی کمیٹی کا اجلاس منعقد ہو ا جس میں ڈی پی او فیصل گلزار سمیت مقامی علمائے کرام، مسیحی برادری کے سرکردہ افراد ، انجمن تاجران، میڈیا کے نمائندوں ، مختلف محکموں کے افسران او رکمیٹی کے دیگر اراکین نے شرکت کی ۔