24گھنٹے میں منشیات فروشوں کے ٹھکانوں پر 313 چھاپے‘ 133 ملزم گرفتار 

لاہور(نامہ نگار)آئی جی پنجاب کی زیر نگرانی لاہور سمیت صوبہ بھر میں پولیس کے انٹیلی جنس بیسڈ ٹارگٹڈ آپریشنز میں تیزی لائی گئی ہے۔ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ ایک روز میں لاہور سمیت صوبہ بھر میں منشیات فروشوں کے ٹھکانوں پر 313 چھاپے مارے گئے۔مکروہ دھندے میں ملوث 133 ملزمان گرفتار ہوئے جبکہ 133 مقدمات درج کئے گئے۔ملزمان کے قبضہ سے 60 کلو گرام چرس،6 کلو ہیروئن،03 کلو آئس،1901 لٹرز شراب برآمد ہوئی۔گذشتہ 6 ماہ کے دوران صوبہ بھر میں منشیات فروشوں کے ٹھکانوں پر 46437 ریڈز کی گئیں۔منشیات کے دھندے میں ملوث 22176 ملزمان گرفتار ہوئے جبکہ 21617 مقدمات درج کئے گئے۔ملزمان سے 14 ہزار کلو سے زائد چرس،270 کلو گرام ہیروئن،402 کلو گرام افیون، 100 کلو گرام آئس اور 17 لاکھ 50 ہزار لٹر سے زائد شراب بھی برآمد کی گئی۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے منشیات ڈیلرز و سمگلرز کے خلاف سپیشل آپریشنز میں مزید تیزی کا حکم دیا اور کہا کہ ماڈرن ڈرگز کی خریدو فروخت، آن لائن سپلائی اور استعمال کے خلاف ٹارگٹڈ آپریشنز میں تیزی لائی جائے۔تعلیمی اداروں اور ہاسٹلز کے گردونواح میں روزانہ کی بنیاد پر سرچ و کومبنگ آپریشنز کئے جائیں۔بین الصوبائی اور بین الاضلاعی اسمگلنگ میں ملوث مجرمان کو قانون کی گرفت میں لا کر قرار واقعی سزائیں دی جائیں۔

ای پیپر دی نیشن