چہلم‘عرس تقریبات کے سکیورٹی انتظامات مکمل کرلئے ہیں : آئی جی پنجاب  

لاہور(نامہ نگار)چہلم حضرت امام حسینؓ اور سالانہ عرس حضرت داتا علی ہجویریؒ کی آمد کے پیش نظر پنجاب پولیس نے عزاداری جلوسوں، مجالس اور عرس تقریبات کے سکیورٹی انتظامات مکمل کر لئے ہیں۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ لاہور سمیت صوبہ بھر میں مجالس، عزاداری جلوسوں اور عرس تقریبات کے بھرپور سکیورٹی انتظامات یقینی بنائیں گے، چہلم کے موقع پر صوبہ بھر میں 680 مجالس اور 382 عزاداری جلوس برآمد ہونگے۔30 ہزار سے زائد پولیس افسران اور اہلکار سکیورٹی کے فرائض سر انجام دیں گے، سپیشل پولیس، ٹریفک پولیس اور والنٹیرز بھی سکیورٹی انتظامات میں معاونت کرینگے۔سیف سٹی کیمروں، واک تھرو گیٹس اور میٹل ڈٹیکٹرز سے سکیورٹی انتظامات میں بھرپور استفادہ کیا جائیگا۔ لاہور میں 44 مجالس،5 جلوسوں کی سکیورٹی پر 7 ہزار سے زائد افسران و اہلکار تعینات ہونگے۔ لاہور میں  عرس کے موقع پر زائرین کی سکیورٹی کیلئے بھرپور اقدامات کئے جائیں، سپیشل کنٹرول رومز سے چہلم جلوس و مجالس اور عرس تقریبات کی مسلسل مانیٹرنگ یقینی بنائی جائے۔ عزاداری جلوسوں کے روٹس میں آنے والی عمارتوں کی چھتوں پر سنائپرز تعینات کئے جائیں گے۔ خواتین عزاداروں کی سرچ اور سکیورٹی کیلئے لیڈی اہلکار ڈیوٹی پر تعینات ہونگی۔آئی جی پنجاب نے افسران کو ہدایت کی کہ امن کمیٹیوں ، کمیونٹی لیڈرز اور سول سوسائٹی سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز موثر کوارڈی نیشن یقینی بنائیں جبکہ سکیورٹی پر مامور اہلکاروں کو ڈیوٹی کی حساسیت بارے موثر بریفنگ دی جائے تاکہ وہ اپنے فرائض مزید تندہی اور فرض شناسی کیساتھ سر انجام دے سکیں۔

ای پیپر دی نیشن