لاہور(نامہ نگار)سی سی پی او بلال صد یق کمیانہ نے حضرت داتا گنج بخشؒ کے سالانہ عرس کے موقع پر داتا دربار کا دورہ کیااور سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران ودیگرسینئر افسران نے سی سی پی او کو سکیورٹی انتظامات بارے بریفنگ دی۔سی سی پی اولاہور نے داتا دربار میں داخلے سے قبل چیکنگ میکانز م کا معائنہ کیا اور ڈیوٹی پر تعینات پولیس جوانوں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی۔سی سی پی او لاہور نے کہا ہے کہ حضرت داتا گنج بخشؒ کے عرس کے دوران قیامِ امن کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ زائرین کو بھرپور سکیورٹی فراہم کی جا رہی ہے۔بلال صدیق کمیانہ نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ایلیٹ فورس،ڈولفن سکواڈ اور پولیس ریسپانس ٹیمیں ملحقہ سڑکوں پر موثرگشت یقینی بنائیں۔پولیس، انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے ادارے دن رات فیلڈ میں موجود ہیں۔خواتین کی چیکنگ کیلئے لیڈیز پولیس اہلکار بھی تعینات کی گئی ہیں۔سیف سٹی اتھارٹی کے کیمروں کی مدد سے دربار کی نگرانی مسلسل عمل میں لائی جا رہی ہے۔لاہور پولیس ضلعی انتظامیہ،سیف سٹیز اتھارٹی اوردیگر تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ ٹیم کے طور پر کام کرے۔ فول پروف سکیورٹی یقینی بنانے کیلئے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کئے جا رہے ہیں۔بلال صدیق کمیانہ نے عرس کی تقریبات کے دوران بہترین پارکنگ انتظامات اور ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کی ہدایت کی۔ پولیس افسران وجوان زائرین سے خوش اخلاقی سے پیش آئیں۔انہوں نے شہریوں سے دورانِ چیکنگ پولیس سے تعاون کرنیکی اپیل کی۔