لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا یوٹیلٹی سٹورز بند کرنے کا حکومتی اعلان تشویشناک اور قابل مذمت ہے۔ اس فیصلے سے جہاں ایک طرف ہزاروں افراد کا روزگار داؤ پر لگ جائے گا۔ وہاں دوسری جانب ان سٹورز سے عوام کو میسر تھوڑا بہت ریلیف بھی ختم ہو جائے گا۔ حکمران اگر ملک و قوم کو آسانی نہیں دے سکتے تو مشکلا ت میں اضافہ کرنے کا بھی کوئی حق حاصل نہیں۔ ہونا تو یہ چاہئے کہ اداروں سے کالی بھڑوں کو نکالا جائے،کرپشن کا خاتمہ کیا جائے۔ اداروں کو ان سے پاک کیا جائے، مگر نا اہل حکمرانوں نے ان کو بند کرنا شروع کر دیا ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا عالمی بینک کی تازہ رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال 24-2023 کے دوران مہنگائی 26 فیصد تک رہنے کی پیشنگوئی جبکہ پاکستان میں 40 فیصد لوگ خط غربت سے نیچے زندگی گزارنے کی خبریں، درحقیقت حکمرانوں کی بدترین معاشی ایجنڈے اور غیر سنجیدگی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ پی ڈی ایم ٹو کی حکومت نے ماضی میں عوام کو ریلیف فراہم کیا ہے اور نہ ہی اب ان سے امید ہے۔دکھاوئے اور ڈنگ ٹپاؤ قسم کی پالیسیوں سے معیشت میں بہتری ممکن نہیں۔
یوٹیلٹی سٹورز بند کرنے کا حکومتی اعلان تشویشناک ، قابل مذمت ہے:جاوید قصوری
Aug 25, 2024