لاہور(خبرنگار) لاہور(خبرنگار) ضلعی انتظامیہ لاہور نے حضرت امام حسینؓکے چہلم اور داتا گنج بخش کے عرس کے موقع پر تمام تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔ ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا نے ڈی سی آفس میں قائم کنٹرول روم کا دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا۔ ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا نے بتایا کہ 24 اگست سے 26 اگست تک چہلم اور عرس کی تقریبات جاری رہیں گی۔جلوس روٹ اور عرس کی تقریبات کی مانیٹرنگ کیلئے ڈی سی آفس میں کنٹرول روم مکمل طور پر فعال رہے گا۔ جلوس روٹ اور عرس کی تقریبات کی 230 سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے بھرپور نگرانی کی جائے گی۔ سید موسیٰ رضا نے کہا عزاداروں اور زائرین کو تمام ممکنہ سہولیات فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔دریں اثناء ضلعی انتظامیہ لاہور نے گراں فروشی کیخلاف کارروائیاں تیز کر دی ہیں، جس کے نتیجے میں مختلف مقامات پر بھاری جرمانے عائد کیے گئے اور 2 افراد کو گرفتار کیا گیا۔ سید موسیٰ رضا کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنرز نے فیلڈ میں سرپرائز دورے کیے۔ ضلع بھر میں 1730 مقامات کی چیکنگ کے دوران 8 مقدمات درج کیے گئے جبکہ 187 خلاف ورزیوں پر مجموعی طور پر 11 لاکھ روپے کے جرمانے عائد کیے گئے۔ جبکہ بلدیہ عظمیٰ لاہور نے غیر قانونی تعمیرات کیخلاف گھیرا تنگ کر دیا ۔ ڈپٹی کمشنر لاہور و ایڈمنسٹریٹر بلدیہ عظمیٰ کی ہدایت پر رائے ونڈ روڈ پر غیر قانونی تعمیرات کیخلاف ایکشن لیا گیا ہے۔ اس کارروائی کے دوران اڈا پلاٹ کے ملحقہ علاقے میں 56 دکانیں مسمار کی گئیں۔