لاہور ( خصوصی نامہ نگار) گورنر ہاؤس میں اکیڈمک ایکسیلنس ایوارڈ کی تقریب ہوئی جس میں سرکاری و پرائیویٹ سیکٹر یونیورسٹی آف پاکستان کے وائس چانسلرز نے شرکت کی۔ قائم مقام گورنر ملک محمد احمد خان تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ تقریب میں قائم مقام گورنر پنجاب ملک محمد احمد خان نے یونیورسٹیز کے وائس چانسلرز کو ایواڈز اور تعریفی سند سے نوازا۔ قائم مقام گورنر نے کہا یونیورسٹیاں علم و دانش کے گہوارے ہیں ان کا معیار مزید بلند کرنا ہوگا۔ نئی نسل کو مفید شہری بنانے میں جامعات کے کردار سے انکار ممکن نہیں۔ نوجوان ملک و قوم کا سرمایہ اور قیمتی اثاثہ ہیں اور ان کی تعلیم و تربیت کیلئے جدید سہولیات فراہم کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔ مہارتوں اورجدید تحقیق پر مبنی تعلیم کسی بھی معاشرے کی ترقی میں نہایت اہمیت کی حامل ہے۔ نوجوان کو حصول تعلیم کے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کئے جارہے ہیں تاکہ وہ ترقی کی راہ پر گامزن ہوں سکیں۔ ہمیں ضرورت ہے کہ اچھے کریکٹر والے لوگ پیدا ہوں، جس میں پرائیوٹ یونیورسٹیز اہم کردار ادا کررہی ہیں۔ قائم مقام گورنر نے وائس چانسلرز کو مخاطب کرتے ہوئے کہا موجودہ صورتحال میں آپ سب کے کاندھوں پر اہم ذمہ داری ہے کہ بچوں کو نالج والا بنائیں۔ اس سے ہمارے نوجوانوں کو دنیا میں بھی عزت ملے گی۔ وائس چانسلرز نے دوران خطاب تقریب کے انعقاد کو سراہا۔ تقریب میں پروفیسر ڈاکٹر عبدالرحمان، پروفیسر ڈاکٹر مختار احمد، پروفیسر خالد محمود، پروفیسر نیاز احمد اختر، پروفیسر ڈاکٹر قیصر الزماں خان، پروفیسر اقرار احمد ، پروفیسر شگفتہ ناز، پروفیسر ڈاکٹر زرین فاطمہ رضوی سمیت دیگر سرکاری و پرائیویٹ یونیورسٹیز کے وائس چانسلرز نے بھی شرکت کی۔
اکیڈمک ایکسیلنس ایوارڈ تقریب ،محمد احمد خان نے وائس چانسلرز کو ایوارڈز،سند سے نوازا
Aug 25, 2024