لاہور (نوائے وقت رپورٹ) لاہور میں ٹرک اور بس کے پارٹس بنانے والی معروف کمپنی نے پیداواری پلانٹ غیرمعینہ مدت کیلئے بند کرنے کا اعلان کر دیا۔ ٹریکٹر کمپنی انتظامیہ کے مطابق ہماری ٹریکٹر کی صنعت پر 27 فیصد ٹیکس لگا دیا گیا ہے جو ناجائز ہے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ فیصلہ کیا ہے پیداواری پلانٹ 26 اگست سے غیرمعینہ مدت تک بند رہے گا۔ کمپنی نے پیداواری پلانٹ غیرمعینہ مدت کیلئے بند کرنے سے متعلق پاکستان سٹاک ایکسچینج کو خط لکھ کر آگاہ کر دیا۔ اس معاملے پر وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین نے کہا کہ یہ معاملہ میرے علم میں ہے اور اس کا جائزہ لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم ٹیکسز کا ازسرنو جائزہ لے رہے ہیں، کمپنی کی انتظامیہ کے ساتھ بیٹھ کر جلد معاملہ حل کریں گے۔