پنجاب کے ریلیف اقدامات پر تنقید سمجھ سے بالاتر، دوسرے صوبے بھی ایسا کریں: اسحاق ڈار

لاہور (خصوصی نامہ نگار+ نوائے وقت رپورٹ) نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ ناراضی کے نام پر دہشتگردی کی اجازت کسی صورت نہیں دی جا سکتی۔ ملکی استحکام اور سلامتی کے لئے دہشتگردی کا خاتمہ ضروری ہے۔ پاکستان کی سلامتی اور سکیورٹی اداروں پر حملہ ہماری ریڈ لائن ہے۔ اسے کراس کرنے پر گنجائش نہیں رہے گی۔ کوئی ریڈ لائن کراس کرے گا تو قانون حرکت میں آئے گا، وزیراعظم کی قیادت میں مہنگائی پر قابو پانے کی بھرپو رکوششیں جاری ہیں۔ اگر ملک کے حالات کو چند سال قبل خراب نہ کیا جاتا تو آج ملک بہتر ہوتا، ریلیف دینا ہر صوبے کا حق ہے، پنجاب نے 14روپے ریلیف دیا ہے تو دیگر صوبے بھی ایسا کریں۔ حضرت علی ہجویری المعروف داتا گنج بخش کے عرس کی تقریبات کا افتتاح کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ آج مہنگائی کا طوفان ہے، بجلی قیمتیں آسمانوں پر ہیں، رونے دھونے سے اب فائدہ نہیں ہے، جس ملک کی 20 بڑی معیشتوں میں شامل ہونے کی خبریں تھی ماضی میں ایک حکومت کے 4 سال کے عرصے میں وہی ملک 47 ویں معیشت بن کر گر گیا۔ لیکن وزیر اعظم کی قیادت اور نواز شریف کی رہنمائی میں دن رات کوششیں ہو رہی ہیں کہ عوامی مسائل کو حل کیا جا سکے۔ معیشت کو ترقی دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال مہنگائی کی شرح 35 فیصد تھی جو کہ اب 11 فیصد پر آ چکی ہے، پنجاب حکومت کے ریلیف کے اقدامات پر تنقید سمجھ سے بالاتر ہے۔ پیپلزپارٹی کے ساتھ کوئی ایسی چیز نہیں ہے جو حل  نہ ہو۔ پی ٹی آئی کے جلسے سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کے چیف کمشنر نے حالات کو دیکھتے ہوئے فیصلہ کیا، آپ جان بوجھ کر ایسا دن منتخب نہ کریں کہ لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑے،  قانون اپنا راستہ بنا رہا ہے نو مئی کے ذمہ داروں کو سزائیں ملیں گی۔

ای پیپر دی نیشن