تونسہ شریف: حملہ ناکام، مقابلے میں 2 خوارجی دہشتگرد ہلاک، تھانیدار، اہلکار زخمی

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) پنجاب پولیس نے ڈیرہ غازی خان تونسہ شریف میں خوارجی دہشتگردوں کا ایک اور حملہ ناکام بنا دیا۔ پنجاب پولیس کا خوارجی دہشت گردوں سے شدید مقابلہ، دو دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا۔ ہینڈ گرنیڈ، دیگر بھاری اسلحہ استعمال کیا، فائرنگ کے شدید تبادلہ میں ایس ایچ او تھانہ وہوا صادق برمانی، پولیس اہلکار مضمر نذیر فائر لگنے سے زخمی ہوئے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے دہشت گردوں کا مردانہ وار مقابلہ کرنے اور جہنم واصل کرنے پر پولیس جوانوں کو شاباش دی۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ پولیس اور تمام ادارے الرٹ ہیں۔ دہشتگردوں کو کسی بھی صورت پنجاب میں داخل نہیں ہونے دیا جائے گا، ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ خیبر پی کے بارڈر پر واقع چیک پوسٹوں پر خوارجی دہشتگردوں کے چار حملے ناکام بنائے ہیں۔ خوارجی دہشتگرد پنجاب کے اندر کسی تھانہ یا دیگر حساس مقام پر دہشتگردانہ کارروائی کرنا چاہتے تھے، خوارجی دہشتگردوں کا تعاقب کیا، پولیس کو سامنے دیکھ کر موٹر سائیکل سوار دہشتگرد ہینڈ گرنیڈ اور دیگر بھاری اسلحہ سے پولیس پر حملہ آور ہوئے۔ بلٹ پروف گاڑی، ہیلمٹ اور جیکٹس سے لیس پولیس کے جوانوں نے فوری جوابی کارروائی کی۔ ہینڈ گرنیڈ اور فائرنگ سے بلٹ پروف گاڑی کو بھی نقصان پہنچا، واقعہ کی اطلاع ملتے ہی آر پی او ڈیرہ غازی خان کیپٹن (ر) سجاد حسن خان اور ڈی پی او سید علی فوری موقع پر پہنچ گئے۔ آر پی او ڈی جی خان نے ڈی پی او کے ہمراہ تحصیل ہسپتال تونسہ کا وزٹ کر کے زخمی اہلکاروں کی عیادت کی۔ علاقے میں پولیس، دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کا سرچ اور سویپ آپریشن جاری ہے۔ 

ای پیپر دی نیشن