کوتاہی کا ازالہ ہو گا، پولیس پر حملہ کرنے والوں کو نہیں چھوڑینگے، مریم نواز: رحیم یار خان پہنچ گئیں، شہدا کے اہلخانہ کو دلاسہ دیا

لاہور( نیوز رپورٹر) وزیر اعلی مریم نواز شریف پولیس کا حوصلہ بڑھانے کیلئے خودرحیم یار خان پہنچ گئیں۔ وزیر اعلیٰ نے زخمیوں کی عیادت کی اور شہداء کے اہل خانہ سے ملاقات کی۔ ان کو دلاسہ دیا۔ شیخ زید ہسپتال رحیم یار خان کا دورہ کیا اور کچہ میں ڈاکوؤں کے حملے میں زخمی پولیس جوانوں کی عیادت کی۔ شیخ زید ہسپتال میں زخمی وسیم ارشد، بلال، فاروق، نبیل شہزاد، زاہد، سعید اور محمد ایوب کے لئے صحت یابی کی دعا کی۔ وزیر اعلیٰ نے زخمی جوانوں کے والدین اوراہل خانہ سے بھی ملاقات کی۔ زخمی سپاہی بلال نے اپنے عزم کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ حوصلے بلند ہیں، ٹھیک ہو کر پھر مقابلہ کریں گے۔ امن دشمنوں سے لڑتے رہیں گے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے بلال کو شاباش دی اور اسے قابل فخر قرار دیا۔ مریم نواز شریف نے کہاکہ پولیس کے جوان بھائیوں اور بیٹوں کی مانند ہیں۔ ان کی تکلیف کو اپنی پریشانی سمجھتی ہوں۔ حملہ کرنے والوں کو نہیں چھوڑیں گے۔ وزیر اعلی مریم نواز شریف نے ہسپتال کے ڈاکٹر اور سٹاف کی بھی بات سنی اور مسئلہ حل کرنے کی ہدایت کی۔ بعدازاں وزیر اعلیٰ مریم نواز نے ڈی پی او آفس رحیم یار خان میں شہداء کے اہل خانہ سے ملاقات کی۔ جان دینے والوں تین ہندو جوان اجے رام، بیرم رام اور راجہ کنول بھی تھے-وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے شہداء کے والدین، اہل خانہ اور بچوں سے ملاقات کی اور شہداء کے لئے دعا مغفرت کی۔ غمزدہ اہلخانہ کو دلاسہ دیا، باری باری شہداء کے ورثا کے پاس گئیں۔ شہداء کے ورثا آبدیدہ ہوگئے۔ مریم نواز نے شہید اہلکاروں کی والدہ اور بیوہ کو حوصلہ دیا اور روتی ہوئی بیوہ خاتون کو گلے لگا لیا۔ شہید اہلکار کے کمسن بچوں سے پیار کیا اورکہاکہ کوتاہی ہوئی، غلطی کا ازالہ کریں گے، آئندہ ایسا واقعہ نہیں ہو گا۔ ہر شہید قوم کا ہیرو ہے، سوگوار خاندان بھرپور کفالت کی جائے گی۔ شہداء کے بچوں کو مفت تعلیم، گھر اور نوکری بھی دی جائے گی۔ ڈاکوؤں کے حملے میں پولیس اہلکاروں کی شہادت کا غم بیان کرنے کے لئے الفاظ نہیں۔ محمد نواز شریف نے اطلاع ملتے ہی مجھے فوراً سوگوار خاندانوں کے پاس جانے کو کہا۔  ہرجان قیمتی ہے۔ پولیس ا ہلکاروں کی حفاظت بھی یقینی بنائیں گے۔ کچہ کے مسئلہ کا مستقل حل ڈھونڈنا ہو گا، چیک پوسٹوں کی تعمیر جلد مکمل کی جائے۔ وزیر اعلیٰ ڈی پی او آفس کمیٹی روم میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ کچہ میں سانحہ کی تفصیلات سے آگاہ کیا گیا۔

ای پیپر دی نیشن