ترسیلات زر معیشت کا اہم ستون، سمندر پار پاکستانیوں کی رغبت بڑھانے کے اقدامات کئے جائیں: ایشیائی بنک

Aug 25, 2024

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) ایشیائی ترقیاتی بنک نے ترسیلات زر کو پاکستانی معیشت کا اہم ممکنہ ستون قرار دیتے ہوئے سمندر پار پاکستانیوں کی رغبت بڑھانے کے لیے اقدامات کی سفارش کر دی۔ ایشیائی ترقیاتی بنک نے پاکستان میں ترسیلات زر سے متعلق بلاگ رپورٹ میں سمندر پار پاکستانیوں کو مزید ترغیبات دینے کی سفارش کرتے ہوئے معاشی بحرانوں، اتار چڑھاؤ کے دوران ترسیلات زر پر انحصار ممکن قرار دے دیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق پاکستانی ترسیلات زر قومی پیداوار کا 10 فیصد کے مساوی ہیں۔ کرونا وبا میں ترسیلات زر 19.8 فیصد اضافے سے 31.1 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا۔ ترسیلات زر غربت میں کمی اور زرمبادلہ بڑھانے کا کلیدی ذریعہ ہے۔ پالیسی اقدامات ترسیلات زر کو سرمایہ کاری میں تبدیل کر سکتے ہیں۔ اے ڈی بی کے مطابق معیشت کی پیداواری صلاحیت، معاشی ترقی کی شرح میں اضافہ ہو گا۔ پاکستان کو بیرونی ادائیگیوں کے توازن میں مشکلات کا سامنا رہتا ہے۔ ترسیلات زر کرنٹ اکائونٹ خسارے کو کم کرنے میں مدد فراہم کرتی ہیں۔ ایشیائی ترقیاتی بنک نے ترسیلات زر کو انفراسٹرکچر، صحت، تعلیم جیسے منصوبوں میں استعمال کرنے کی سفارش کی ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مالیاتی و معاشی پالیسوں کو ہم آہنگ کر کے مزید فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے۔

مزیدخبریں