پشاور (بیورو رپورٹ) خیبر پی کے حکومت میں اختلافات کے معاملے میں سابق صوبائی وزیر شکیل خان تنہا رہ گئے۔ ذرائع کے مطابق شکیل خان کے قریبی صوبائی وزراء فیصل ترکئی اور ظاہرشاہ طورو نے بھی ان کا ساتھ نہیں دیا، 94 ارکان اسمبلی میں سے 92 نے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور پر اعتماد کا حلف نامہ جمع کرا دیا۔ حکومتی ذرائع نے بتایا ہے کہ خیبرپی کے سے تعلق رکھنے والے ارکان قومی اسمبلی نے بھی شکیل خان کا ساتھ نہیں دیا۔ خیبرپی کے کے اہم صوبائی وزیر نے کہا ہے کہ شکیل خان نے کسی سے مشاورت کئے بغیر چائے کی پیالی میں طوفان برپا کیا، چائے کی پیالی میں پیدا شدہ طوفان میں جذبات کی وجہ سے خود شکیل خان ڈوب گئے۔ ادھر ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ شکیل خان کی علی امین سے مخاصمت کے خاتمے کیلئے اسد قیصر کی کوششیں آخری مراحل میں ہیں۔