یوٹیلٹی سٹورز بند کرانا حکومت کی غریب دشمن پالیسی کا ثبوت ہے‘ بیرسٹر سیف 

Aug 25, 2024

پشاور(بیورو رپورٹ)خیبر پی کے کے مشیر اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے یوٹیلیٹی سٹورز بند کرانے پر اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ یوٹیلیٹی سٹورز بند کرانا نااہل حکومت کی غریب دشمن پالیسی کا واضح ثبوت ہے‘یوٹیلیٹی سٹورز غریب عوام کے لئے ریلیف کا واحد ذریعہ تھے۔ مینڈیٹ چور حکومت نے مہنگائی کے ستائے عوام کو اس ریلیف سے بھی محروم کیا، لاکھوں کی تعداد میں لوگ یوٹیلٹی سٹورز میں برسرروزگار تھے۔مشیر اطلاعات نے کہا کہ یوٹیلٹی سٹور بند کرانے سے ہزاروں کی تعداد میں خاندانوں کا ذریعہ معاش بھی چھینا گیا اور اسی وجہ سے یوٹیلٹی سٹورز ملازمین جعلی حکومت کے اس ظالمانہ فیصلے کے خلاف احتجاج پر ہیں۔بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ ٹک ٹاکر مریم نواز ذاتی تشہیراور نااہل حکومت اشتہاری مہم پر اربوں روپے خرچ کررہے ہیں مگر یوٹیلٹی سٹورز کے لئے پیسے نہیں ہیں۔ مینڈیٹ چوروں کی حکومت نے عوام کی زندگی اجیرن کردی ہے۔ شریف خاندان قومی خزانہ بے دردی سے لوٹ رہا ہے عوام کی کوئی فکر نہیں ہے۔ انہوں نے کہا جعلی حکومت کے خاتمے میں ہی عوام کی بہتری ہے جب تک یہ ٹولہ ملک پر مسلط ہوگا غریب کی زندگی اجیرن ہی رہیگی۔ 

مزیدخبریں