راولپنڈی(جنرل رپورٹر)مرکزی انجمن تاجران راولپنڈی کے جوائنٹ سیکرٹری ملک عامر شہزاد نے کہا ہے کہ تاجروں نے 28اگست کو ہونے والی ملک گیر شٹر ڈائون ہڑتال کی تمام تر تیاریاں مکمل ہیںشہر بھر کے تمام تاجر وں نے صدر مرکزی انجمن تاجران ملک شاہد غفور پراچہ کی قیادت میں شٹر ڈائون ہڑتال کو کامیاب بنانے کی بھرپور حمایت کا اعلان کیا ہے اسے کامیاب بنائیں گے۔ ان خیالا کا اظہار انہوںنے اپنے بیان میں کیا۔ انہوںنے کہا کہ ماضی میں بھی تاجروں نے ناجائز ٹیکس نافذ نہیں ہونے دیا ہمیں انتظامیہ اور پولیس سے ڈرانے کی ناکام کوشش کررہے ہیں تاجر کسی سے نہیں ڈرتا اگر میرے ملک کے کسی تاجر کی طرف کسی نے انگلی بھی اٹھائی اور اگر کسی ایک بھی تاجر کو گرفتار کیا تو ایک دن کی شٹر ڈائون ہڑتال غیر معینہ مدت کی شٹر ڈائون ہڑتال میں بدل دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ حکمرانوں سے کہنا چاہتے ہیں کہ تجارت اور صنعت کا پہیہ بند نہ کرو ورنہ تمہارا نظام بھی بند ہوجائے گا ان کا مزید کہنا تھا کہ تاجر دوست سکیم کے خاتمے تک نوٹیفکیشن کے بغیر ہڑتال ختم نہیں ہوگی ۔
28اگست کو ملک گیر شٹر ڈائون ہڑتال کی تیاریاں مکمل ہیں،ملک عامر شہزاد
Aug 25, 2024