اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)سینیٹر روبینہ خالد چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام نے کہا ہے کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام غریب گھرانوں کی معاشی مشکلات کوکم کرنے کیلئے اضافی مالی معاونت فراہم کررہا ہے۔ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے پاکستان کی غریب خواتین کو معاشی طور پر بااختیار بنانے کے ویڑن کی عکاسی کرتا ہے جس کی بنیاد انہوں نے دبئی میں جلاوطنی کے دوران رکھی۔ اس پروگرام کی بدولت ملک کی بے سہارا خواتین کو شناخت ملی ہے۔ ان خیالات کا اظہار سینیٹر روبینہ خالد نے اضاخیل بالا نوشہرہ میں خواتین کی کھلی کچہری سے خطاب کے دوران کیا۔سینیٹر روبینہ خالد نے خواتین کو ہدایت کی کہ صرف 8171 سے پیغام ملنے پر ہی رقم کی وصولی کیلئے دفتر تشریف لائیں۔ انہوں نے کہا کہ پروگرام میں شمولیت کیلئے بنیادی دستاویزات جیسے نادرا کا قومی شناختی کارڈ اور بچوں کا فارم ب ضروری ہے۔ رقم سے کٹوتی کی صورت میں بی آئی ایس پی ہیلپ لائن نمبر 080026477 پر کال کریں یا قریبی بی آئی ایس پی تحصیل د فتر تشریف لائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم بینظیر تعلیمی وظائف پروگرام کے تحت مستحق خاندان کے بچوں کو تعلیمی وظائف دیتے ہیں جن میں بچیوں کی تعلیم کیلئے زیادہ وظائف مختص ہیں۔بینظیر نشوونما کے تحت حاملہ خواتین اور انکے بچوں کو وظائف اور غذائیت سے بھرپور خوراک فراہم کی جاتی ہے۔ علاوہ ازیں، مستحق خواتین اور انکے گھرانوں کے افراد کیلئے بینظیر ہنر پروگرام کا آغاز بھی کیا جارہا ہے تاکہ ان خاندانوں کی سماجی و معاشی حیثیت میں بہتری واقع ہو۔ بعد ازاں، سینیٹر روبینہ خالد نے مردان کی تحصیل کاٹلنگ کا دورہ بھی کیا جہاں انہوں نے عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صدر پاکستان آصف علی زرداری کی ہدایات کے مطابق بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے دائرہ کار کو وسعت دی جارہی ہے تاکہ مزید مستحق گھرانوں کو پروگرام میں شامل کیا جاسکے۔ ہمارا مقصد ہے کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی مستحق خواتین کو ان کی رقم بغیر کسی کٹوتی کے عزت و احترام کیساتھ ملے۔سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ بی آئی ایس پی نے مستحق خواتین کو رقوم کی ادائیگی میں سہولت فراہم کرنے کیلئے بینکنگ کا نیا نظام متعارف کرایا جس کے تحت 6 بینکوں کی خدمات حاصل کی جارہی ہیں تاکہ انسانی مداخلت کم سے کم ہواور مستحقین کو انکی پوری رقم موصول ہو۔انہوں نے عوام سیبھی اپیل کی کہ وہ حق دار خواتین کوشفاف اور باعزت طریقے سے رقم کی وصولی میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی انتظامیہ کیساتھ تعاون کریں۔
بی آئی ایس پی کی بدولت ملک کی بے سہارا خواتین کو شناخت ملی، روبینہ خالد
Aug 25, 2024