پیپلز لیبر بیورو نے وفاقی حکومت کے یوٹیلٹی سٹورز بندش کے مجوزہ اقدام کو مسترد کردیا

اسلام آباد (    نمائندہ خصوصی)پیپلز لیبر بیورو نے وفاقی حکومت کی جانب سے یوٹیلٹی سٹورز کی بندش کے مجوزہ اقدام کو مسترد کرتے ہوئے قرار دیا ہے کہ یہ ایک مزدور کش اور عوام دشمن فیصلہ ہے جس سے ملک میں غربت،مہنگائی اور بیروزگاری میں اضافہ ہو گا۔ اس امر کا اظہار پیپلز لیبر بیورو وسطی پنجاب کے صدر سید نذر حسین شاہ، صوبائی سیکرٹری اطلاعات سجاد حسین ساجد اور پی ایل بی راولپنڈی سٹی کے صدر راجہ عبدالمجید نے ادارے کی مجوزہ بندش پر ردعمل دیتے ہوئے کیا۔ اپنے ایک مشترکہ بیان میں مزدور راہنماؤں نے کہا کہ ن لیگ کی موجودہ حکومت پی آئی اے، بجلی کمپنیوں اور دیگر قومی اداروں کی نجکاری اور ایئر پورٹس کی آؤٹ سورسنگ اور پاک پی ڈبلیو ڈی اور دیگراداروں کے خاتمے سمیت مسلسل غیردانشمندانہ فیصلے کیے جا رہی ہے جس سے اداروں کے ملازمین تشویش اور پریشانی کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے کونے کونے میں قائم یوٹیلٹی سٹورز غریب عوام کیلئے ریلیف کا واحد ذریعہ ہیں جہاں نہ صرف عوام الناس کو مارکیٹ کے مقابلے میں ارزاں نرخوں پر اشیائے صرف دستیاب ہوتی ہیں بلکہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے لاکھوں مستحقین کو خصوصی رعایت حاصل ہوتی ہے اس ادارے کا خاتمہ غریب عوام کے ساتھ ظلم عظیم اور ہزاروں ملازمین کے معاشی قتل کے مترادف ہے۔

ای پیپر دی نیشن