اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)ڈ پٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان سے پاکستان میں تعینات آزربائیجان کے سفیر مسٹر خضر فرہادوف نے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کی اسلام آباد میں واقع رہائش گاہ پر ملاقات کی ۔ ملاقات کے دوران دوطرفہ تعلقات، خطے کی مجموعی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان اور آزربائیجان کے مابین تعلقات کی بنیاد مذہبی اور ثقافتی اقدار پر مبنی ہے ۔ پاکستان آزربائیجان کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے ۔د ونوں ممالک کے درمیان اقتصادی ،معاشی ،توانائی ،دفاع ،زراعت سمیت قدرتی وسائل کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی ضرورت ہے۔ملاقات میں پارلیمانی اور ایوانِ صنعت و تجارت کے وفود کے تبادلوں کے فروغ کے حوالے سے کام کرنے پر زور دیا گیا۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین سرمایہ کاری اور تجارت کو فروغ دینے کی اشد ضرورت ہے اور معیشت کی بہتری کے لئے موجودہ رکاوٹوں کو دور کرنا ضروری ہے ۔سیدال خان نے کہا کہ خطے میں امن اور ترقی کیلئے پارلیمانوں پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔پارلیمانی اور ادارہ جاتی تعاون عوامی سطح پر روابط کو فروغ دینے میں معاون ثابت ہو سکتے ہیں۔ملاقات میں دو طرفہ اور کثیرالجہتی تعاون پر زور دیتے ہوئے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان آزربائیجان کے ساتھ معاشی تعلقات کو مزید فروغ دینے کا خواہاں ہے۔
ڈ پٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان سے آزربائیجان کے سفیر کی ملاقات
Aug 25, 2024