جنوبی افریقا کی آبی پرندوں کو زندہ کھانے والے چوہوں کو بم سے اڑانے کی منصوبہ بندی

Aug 25, 2024 | 16:10

جنوبی افریقا نے آبی پرندوں کو زندہ کھانے والے چوہوں کو بم سے اڑانے کی منصوبہ بندی کرلی۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق جنوبی افریقا کی پرندوں کے تحفظ کی معروف تنظیم کے مطابق ملک کے ایک دور دراز میریون جزیرے پر چوہوں نے آبی پرندوں پر حملے کیے ہوئے ہیں۔تنظیم کے سربراہ مارک اینڈرسن کی جانب سے بتایا گیا کہ میریون جزیرے  کو الباٹروس نامی پرندے سمیت دیگر سمندری پرندوں نے اپنا مسکن بنایا ہوا ہے، جن کا شمار دنیا کے قیمتی آبی پرندوں میں ہوتا ہے۔مارک اینڈرسن نے بتایا کہ جزیرے پر موجود چوہے ناصرف دنیا کے چند اہم ترین سمندری پرندوں کے انڈے کھا رہے ہیں بلکہ انہیں زندہ بھی نوچنا شروع ہوگئے ہیں۔تحفظ پسندوں نے مزیدکہا کہ وہ جزیرے پر کیڑے مار ادویات سے بھرے چھروں سے بمباری کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں تاکہ ان چوہوں کو ہلاک کیا جا سکے جو الباٹروس اور دیگر سمندری پرندوں کو زندہ کھا رہے ہیں۔اسی حوالے سے ماؤس فری ماریون پروجیکٹ کے رہنما نے کہا کہ جزیرے پر افزائش پذیر سمندری پرندوں کی 29 اقسام میں سے 19 کو مقامی طور پر معدوم ہونے کا خطرہ ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ حالیہ برسوں میں چوہوں کے حملوں میں اضافہ ہوا ہے لیکن پرندے جوابی حملے کی صلاحیت نہیں رکھتے کیونکہ فطری طور پر انہیں زمینی شکار کرنا نہیں آتا۔

مزیدخبریں