لاہور/ اسلام آباد (خصوصی رپورٹر/ ایجنسیاں) بانی پاکستان حضرت قائداعظم محمد علی جناحؒ کا 136 واں یوم ولادت آج منگل کو ملی جوش و خروش سے منایا جائیگا، ملک سمیت دنیا بھر میں جہاں جہاں پاکستانی آباد ہیں۔ حضرت قائداعظمؒ کے یوم ولادت پر انہیں خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے تقاریب منعقد کرینگے۔ لاہور، آزاد کشمیر سمیت ملک بھر میں خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا جائیگا جس میں قائداعظمؒ کی روح کے ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی اور فاتحہ خوانی کی جائیگی اور ملکی سلامتی کیلئے خصوصی دعائیں مانگی جائینگی۔ لاہور میں مسلم لیگ ہاﺅس ڈیوس روڈ پر (ق) لیگ کے زیراہتمام قائداعظمؒ ڈے پر تقریب منعقد ہوگی جس میں پرچم کشائی کی جائیگی، کیک کاٹا جائیگا اور مقررین قائداعظمؒ کو نذرانہ عقیدت پیش کرینگے۔ مسلم لیگ ہم خیال کے زیراہتمام -114 سرور روڈ پر یوم قائداعظمؒ کے سلسلے میں تقریب منعقد ہوگی۔ یوم قائدؒ کے سلسلہ میں سرکاری اور غیرسرکاری عمارتوں پر پرچم لہرانے کے علاوہ تقریبات کا اہتمام کیا جائیگا۔ مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نوازشریف نے یوم قائداعظمؒ کے موقع پر قوم کے نام اپنے پیغام میںبانی پاکستان کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ آج کا دن ہمیں ان شخصیات کی یاد دلاتا ہے جس کی بصیرت افروز، ولولہ انگیز اور جرا¿ت مندانہ قیادت نے مسلمانان جنوبی ایشیا کو پاکستان کی صورت میں علیحدہ آزاد وطن عطا کیا۔ قائداعظم محمد علی جناحؒ کی سیاست کا بنیادی اصول سچائی اور دیانتداری تھا، حتیٰ کہ ان کے بدترین مخالف بھی ان کے کردار پر انگلی نہیں اٹھا سکتے تھے۔ قائداعظمؒ کے تصور پاکستان میں کرپشن، اقربا پروری اور استحصال کی کوئی گنجائش نہیں، یہی وجہ ہے کہ انہوں نے اپنے پہلے خطاب میں اہلیان پاکستان کو کرپشن، اقربا پروری اور میرٹ کی خلاف ورزی کی صورت میں درپیش چیلنجوں سے نمٹنا اولین ترجیح قرار دیا۔ قائداعظمؒ نے پاکستان بنایا اور آج وقت ہے کہ ہم اس کی تعمیرکیلئے اُٹھ کھڑے ہوں، دہشت گردی کے عذاب سے نجات حاصل کرنے کیلئے ہمیں قوم کو متحد اور یکجا کرنا ہو گا تو دوسری طرف اس مسئلے کے دائمی حل کیلئے پاکستان کو معاشی لحاظ سے مستحکم اور توانا ملک بنانا ہو گا جبکہ وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کی قیادت میں جمہوری قائداعظمؒ کی تعلیمات کی روشنی میں پاکستان کو ہر قسم کے استحصال سے پاک فلاحی ریاست بنانے میں مصروف عمل ہے۔ قائداعظم آئین، جمہوریت اورسماجی انصاف پر یقین رکھتے تھے۔ ہماری کوششوں سے ملک میں جمہوریت بحال ہوئی جو وقت کے ساتھ مضبوط ہو رہی ہے۔