صدر زرداری کے نامزد گورنر پنجاب پیپلز پارٹی کیلئے اجنبی ہیں: بی بی سی

Dec 25, 2012

لندن (بی بی سی) صدرآصف علی زرداری نے پیپلز پارٹی کے رہنما اور اپنے وکیل سردار لطیف کھوسہ کو گورنر پنجاب کے عہدے سے ہٹا کر ان کی جگہ ایسی سیاسی شخصیت کو صوبے کا گورنر نامزد کیا ہے جو پیپلز پارٹی کے لئے اجنبی ہیں۔ بی بی سی کے مطابق تاہم نامزد گورنر مخدوم احمد محمود کا کہنا ہے کہ وہ آصف علی زرداری کو مایوس نہیں کریں گے اور صدر زرداری جب بھی گورنر ہاﺅس آئیں گے تو انہیں یہی محسوس ہو گا کہ یہ ان کا گورنر ہاﺅس ہے۔ مخدوم سید احمد محمود آج پچیس دسمبر کو گورنر کے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔ پنجاب کے نئے نامزد گورنر مخدوم احمد محمود سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی اور مسلم لیگ فنکشنل کے سربراہ پیر صبغت اللہ شاہ راشدی کے کزن ہیں۔ مخدوم احمد محمود کی والدہ سابق پیر پگاڑا کی سگی بہن تھیں جبکہ سید یوسف رضا گیلانی کی والدہ اور پیر صبغت اللہ راشدی کی والدہ سگی بہنیں ہیں جبکہ تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین نئے نامزد گورنر پنجاب کے بہنوئی ہیں۔ اس کے علاوہ ق لیگ کی رکن پنجاب اسمبلی بشریٰ گردیزی بھی نامزد گورنر پنجاب کی قریبی رشتہ دار ہیں۔ مخدوم احمد محمود صوبہ پنجاب کے چھٹے گورنر ہیں جن کا تعلق جنوبی پنجاب سے ہے۔ انہوں نے تحریک بحالی صوبہ بہاولپور میں بھی بھرپور حصہ لیا تھا۔

مزیدخبریں