اسلام آباد (خبرنگار) اوگرا نے گیس ٹیرف میں 14سے 124فیصد اضافے کے لئے سوئی ناردرن اور سدرن کی درخواست سماعت کے لئے منظور کرلی۔ سوئی نادرن کی درخواست پر سماعت 16جنوری کو لاہور میں جبکہ سوئی سدرن کی درخواست پر سماعت 24جنوری کو کراچی میں ہو گی۔ ذرائع کے مطابق سوئی نادرن گیس کمپنی نے ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں کمی اور کمپنی کے اخراجات پورے کرنے کے لئے اوگرا سے گیس ٹیرف میں 131روپے 98پیسے ایم ایم بی ٹی یو اضافے کی درخواست کی۔ ملک میں گیس بحران کے باوجود سوئی نادرن نے پانچ لاکھ نئے گھریلو کنکشن لگانے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے لئے 4ارب 98کروڑ روپے کی ضرورت ہے۔ سوئی نادرن کے برعکس سوئی سدرن نے گھریلو، مذہبی عمارتوں، ہاسٹلز، روٹی تنور، فوجی فرٹیلائزر کے لئے گیس ٹیرف برقرار رکھنے کی سفارش کی ہے جبکہ دیگر صارفین کے لئے گیس ٹیرف 14فیصد اضافے کے ساتھ 61روپے 45پیسے فی ایم ایم بی ٹی یو اضافے کی درخواست کی گئی ہے۔