ہم سب پاکستانی ہیں تعمیر وطن میں مسیحی برادری کا کردار لائق تحسین ہے: شہباز شریف

Dec 25, 2013

لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ شہبازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان کے قیام، ترقی و خوشحالی اور تعمیر وطن میں مسیحی برادری لائق تحسین کردار ادا کر رہی ہے۔ تعلیم، صحت، دفاع اور دیگر شعبوں کی بہتری میں بھی مسیحی برادری کا تاریخی کردار قابل تعریف ہے۔ ملک کی تعمیر و ترقی میں مسیحی برادری کی خدمات اور وطن سے انکی محبت، وابستگی شک وشبہ سے بالاتر ہیں۔ پاکستان تاریخ کے مشکل ترین دور سے گزر رہا ہے، پہاڑ نما مسائل کا سامنا ہے۔ ہم سب پاکستانی ہیں، چاہے کسی بھی مذہب سے تعلق ہو اور ہمیں ملکر ملک کو مسائل سے نکالنا ہے اور اجتماعی کاوشوں سے ترقی وخوشحالی کی راہ پر گامزن کرنا ہے۔ پنجاب حکومت نے مسیحی برادری سمیت تمام اقلیتوں کی فلاح و بہبود کیلئے ٹھوس اقدامات کئے ہیں۔ سرکاری ملازمتوں میں اقلیتوں کیلئے مختص 5 فیصد کوٹے پر پوری طرح عملدرآمد کیا جا رہا ہے۔ منیارٹی ڈویلپمنٹ فنڈکے تحت اقلیتوں کی فلاح کیلئے کروڑوں روپے کے فنڈز رکھے گئے ہیں۔ اقلیتوں کے مقدس مقامات کی تعمیر و مرمت پر بھی کروڑوں روپے خرچ کئے گئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایوان وزیر اعلیٰ میں کرسمس کے حوالے سے تقریب سے خطاب میں کیا۔ وزیر اعلیٰ نے کرسمس کا کیک بھی کاٹا، شہباز شریف نے کہا کہ حضرت عیسیٰ علیہ اسلام کے یو م پیدائش کے موقع پر تقریب کا انعقاد میرے لئے باعث اعزاز ہے۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظمؒ محمد علی جناح نے قیام پاکستان کے بعد پہلی دستور ساز اسمبلی سے خطاب میں واضح کردیا تھا کہ پاکستان ہم سب کا ہے اور اسکے تمام شہریوں کو مساوی حقوق حاصل ہیں۔ پاکستان کو دہشت گردی کے سنگین مسئلے کا سامنا ہے اور اس دہشت گردی سے مسیحی برادری بھی متاثر ہوئی ہے۔ ہم مل کر بانی پاکستان قائد اعظم ؒ کے وژن کے مطابق ملک کو ایسی ریاست بنائیں گے جہاں قانون کی حکمرانی ہو، سب کو احساس ہو انکی عزت و آبرو اور جان و مال محفوظ ہے۔ ترک وزیراعظم کی اسلام آباد روانگی سے قبل ایئرپورٹ پر ترک میڈیا سے گفتگو میں شہباز شریف نے کہا ہے کہ ترک وزیراعظم رجب طیب اردگان کے دورے نے دونوں ملکوں کے درمیان محبت اور اخوت کے انمٹ نقوش چھوڑے ہیں۔ انکے دورے سے نہ صرف پاک ترک تعلقات مزید مستحکم ہوں گے بلکہ بلندیوں کی نئی سطح کو چھوئیں گے۔ ترک وزیراعظم کی پاکستان آمد ہمارے لئے بڑے اعزاز کا باعث ہے اور اہل لاہور نے ان کی بھرپور میزبانی کر کے ماضی کی روایت کو برقرار رکھا ہے۔ پاکستان اور ترکی کے عوام کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں۔ دونوں یک جان دو قالب ہیں۔

مزیدخبریں