لاہور+ اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار + ایجنسیاں) دنیا بھر کی طرح پاکستان کی مسیحی برادری آج 25 دسمبر کو کرسمس کا تہوار روایتی جوش و جذبے سے منائیگی۔ مسیحی برادری گرجا گھروں میں خصوصی عبادات اور دعائیہ تقریبات منعقد ہونگی جن میں ملکی ترقی، قیام امن اور سلامتی و خوشحالی کی خصوصی عائیں مانگی جائیں گی۔ حضرت عیسیٰؑ یوم ولادت کی مناسبت سے ہونیوالی کرسمس تقریبات میں مسیحیوں کے علاوہ دیگر مذاہب کے پیروکار بھی خصوصی طور پر شرکت کرتے ہیں جبکہ انفرادی، اجتماعی اور سرکاری سطح پر بھی کرسمس تقریبات کا اہتمام کیا جاتا ہے۔ چرچوں میں تقریبات کا آغاز گذشتہ شب 12 بجے سے ہوا جو آج شام چھ بجے تک جاری رہیں گی۔ صوبائی دارالحکومت میں مسیحی برادری کے بڑے مذہبی اجتماعات کتھیڈرل چرچ، سینٹ انتھونی چرچ اور ڈان باسکو چرچ میں ہونگے۔ علاوہ ازیں کرسمس کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعظم محمد نوازشریف نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ حکومت تمام اقلیتوں کے حقوق کی پاسداری کریگی اور انکی زندگی اور جائیداد کے مکمل تحفظ کو یقینی بنائیگی، تمام مذہبی سیاسی و سماجی رہنما تمام مذاہب و عقائد کے پیروکاروں کے درمیان یکجہتی اور بھائی چارے کو فروغ دیں۔ وزیراعظم نے اس عزم کو دہرایا کہ حکومت تمام اقلیتوں کے حقوق کی پاسداری کریگی اور انکی زندگی اور جائیداد کے مکمل تحفظ کو یقینی بنائیگی۔ سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کرسمس کے موقع پر مسیحی برادری اور مسیحی ارکان پارلیمنٹ کو مبارکباد دیتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا کہ حضرت عیسیٰؑ نے امن، رواداری اور محبت کا پیغام دیکر اپنے پیروکاروں کے درمیان روحانی قدروں کو اجاگر کرتے ہوئے بھائی چارے کا پیغام دیا۔ سابق صدر آصف زرداری نے کرسمس کے پیغام میں کہا کہ خوشی کا یہ تہوار ہمیں یاد دلاتا ہے کہ حضرت عیسیٰؑ نے ہمیشہ محبت، ورکرز اور بھائی چارے کا درس دیا تھا اور اس وقت جتنی ضرورت محبت، درگزر اور مفاہمت کی ہے اتنی پہلے نہیں تھی۔ (ق) لیگ کے سینئر مرکزی رہنما اور سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویز الٰہی اور مونس الٰہی نے کرسمس پر مسیحی بھائیوں کو دلی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ان کی جماعت نبی آخرالزماں حضرت محمدؐ کے بتائے گئے اصولوں اور بانی پاکستان کے فرمودات کے مطابق مسیحی اور دیگر اقلیتوں کے حقوق کا مکمل تحفظ کرتی رہے گی۔ قائد ایم کیو ایم الطاف حسین نے کہا ہے کہ ہر مذہب انسانیت سے پیار، امن اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے۔ انہوں نے مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد دی۔