لاہور: شہریوں سے لاکھوں روپے کا سامان لوٹ لیا، گوجرانوالہ میں نوجوان قتل، کزن زخمی

Dec 25, 2014

لاہور + گوجرانوالہ (سٹاف رپورٹر+ نمائندہ خصوصی) لاہور میں ڈاکوؤں اور چوروں نے شہریوں کو لاکھوں روپے مالیت کی نقدی زیورات اور دیگر قیمتی اشیا سے محروم کر دیا۔ ماڈل ٹاؤن بی بلاک کے رہائشی سجاد کے گھر سے چوروں نے 3لاکھ کی نقدی و زیورات اور قیمتی اشیا چوری کر لیں، برکی میں حسنین کے اہلخانہ کو یرغمال بنا کر ڈاکوؤں نے گھر سے 1لاکھ 40 ہزار کی نقدی و زیورات، شاد باغ شیر شاہ روڈ پر خرم سے 30ہزار روپے، نواب ٹاؤن میں سلیم کے دفتر سے 50ہزار روپے، مناواں ڈیفنس روڈ پر رمضان کے گھر سے 50ہزار روپے و قیمتی سامان، فیصل ٹاؤن بی بلاک میں مسعود اور اسکی فیملی سے 2لاکھ روپے، سٹی رائیونڈ میں نوید سے 5لاکھ روپے کی نقدی و زیورات، ستوکتلہ کے علاقہ میں مصطفی اور اسکے دوست سے 60ہزار روپے نقدی و موبائل، شاہدرہ ٹاؤن کے علاقہ میں وقار اور اسکی فیملی سے 35ہزار، گلشن اقبال عمر بلاک میں جہانزیب سے 35ہزار، جوہر ٹاؤن میں حماد 30ہزار روپے کی نقدی وموبائل لوٹ لیا گیا۔ اسلام پورہ میں نواز، نواب ٹاؤن میں ناصر، غالب مارکیٹ میں ریاست گوالمنڈی سے منظورکی گاڑیاں جبکہ کاہنہ میں سلمان، نشتر کالونی میں اکرام، سبزہ زار میں نواز، گلبرگ میں ریحان، شاد باغ میں مشتاق، مزنگ میں مظہر، کوٹ لکھپت میں مشتاق، نیوانارکلی میں مشتاق،گرین ٹاؤن میں شبیر، شادمان میں تنویر کی موٹر سائیکلیں چوری کر لی گئیں۔ علاوہ ازیں گوجرانوالہ میں کھیالی میں ڈاکوؤں نے دوران واردات فائرنگ کر کے ایک کزن کو ہلاک اور دوسرے کو زخمی کر دیا۔ جواں سالہ اویس اور عدنان موٹرسائیکل پر جا رہے تھے راستے میں ڈاکوؤں نے رکنے کا اشارہ کیا لیکن اویس اور عدنان نے موٹرسائیکل بھگا دی جس پر ڈاکوؤں نے پیچھے سے فائرنگ کر دی اویس موقع پر جان کی بازی ہار گیا جبکہ عدنان کو زخمی حالت میں ڈسٹرکٹ ہسپتال پہنچا دیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں مقتول اویس کے ورثاء نے ڈسٹرکٹ ہسپتال کے باہر احتجاج کرتے ہوئے کہا ہے کہ اویس ڈاکوؤں کی فائرنگ سے نہیں پولیس کی فائرنگ سے جاں بحق ہوا ہے۔

مزیدخبریں