لاہور (خصوصی نامہ نگار) عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناحؒ کے یوم پیدائش کے موقع پر قوم کے نام پیغام میں کہا ہے کہ مقتدر طبقہ نہیں عوام کا اتحاد قائداعظمؒ کے پاکستان کو بچائے گا۔ ووٹ کا تقدس پامال نہ ہوتا تو آج پاکستان میں غربت، جہالت اور انتہا پسندی نہ ہوتی۔ قائداعظمؒ ایک ایسا پاکستان چاہتے تھے جس میں ہر طبقہ کو برابر حقوق میسر ہوں، ہر ایک کو آزادی اظہار کا حق حاصل ہو اور ہر شہری کی شناخت صرف پاکستانی ہو، انہوں نے کہا کہ قائداعظمؒ کا نام لے کر اقتدار میں آنے والوں نے ریاستی طاقت کو غریب عوام کے حالات بدلنے کی بجائے اپنے حالات بہتر بنانے کیلئے استعمال کیا جس کے نتیجے میں ایک طبقہ بالادست اور ایک زیردست کے طور پر سامنے آیا۔ آج کا پاکستان ظالموں اور مظلوموں کے درمیان، قاتلوں اور مقتولوں کے درمیان بٹا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج بھی قائداعظمؒ کی فکر کو اپنا لیا جائے تو ہم بحرانوں سے عہدہ برآ ہو سکتے ہیں، دریں اثنا معروف مذہبی سکالر سیدہ خانم طیبہ بخاری کی قیادت میں وفد نے ہیوسٹن میں ڈاکٹر طاہر القادری سے ملاقات اور ان کی خیریت دریافت کی۔ خانم طیبہ بخاری نے ملک کے ابتر حالات خصوصاً دہشتگردی کے واقعات پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور آپریشن ضرب عضب کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کا دائرہ ملک بھر تک بڑھا دینا چاہئے، طیبہ بخاری نے دہشتگردی کے خاتمہ کیلئے ڈاکٹر طاہر القادری کی علمی و تحقیقی کاوش بالخصوص ان کے 14 نکات اور 6 سو صفحات پر مشتمل تاریخی فتویٰ کو بے حد سراہا۔