تھرپارکر (این این آئی) خشک سالی اور قحط سے متاثر سندھ کے صحرائی علاقے تھر میں موت کا راج جاری ہے، بدھ کو مزید 2 بچے غذائی قلت اور موسمی تبدیلیوں کے باعث جاں بحق ہوگئے۔ غذائی قلت کے باعث گزشتہ دو ماہ کے دوران جاں بحق بچوں کی تعداد 243 ہو گئی۔ مٹھی کے سول ہسپتال میں غذائی قلت سے 4 سال کا بچہ جبکہ چھاچھرومیں 6 ماہ کی بچی انتقال کرگئی۔ مٹھی، چھاچھرو، ننگر پارکراور ڈیپلو کے ہسپتالوں میں کئی بچے زندگی کی بقا کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ سول ہسپتال مٹھی میں 44، چھاچھر ہسپتال میں 21 سے زائد جبکہ ڈیپلو کے ہسپتال میں بھی 12 بچے زیرعلاج ہیں۔ ڈاکٹرز کا کہنا ہے مائیں غذائی قلت کا شکار ہیں، جس سے بچے کمزور پیدا ہو رہے ہیں۔ بچوں کی اموات کی بڑی وجہ قبل ازوقت پیدائش اور وزن کم ہوناہے۔